مختلف اضلاع اور شہر میں ہلکی و تیز بارش ‘ موسم خوشگوار

,

   

آئندہ چند دن وقفہ وقفہ سے بارش کی پیش قیاسی ۔ درجہ حرارت میں بھی کمی

حیدرآباد۔تلنگانہ کے مختلف اضلاع اور خاص طور پر دونوں شہروں کے کئی علاقوں میں گذشتہ شب سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ یہاں درجہ حرارت میں کمی آئی ہے ۔ دونوں شہروں میں دن میں مطلع ابر آلود رہا اور دوپہر کے بعد سے مسلسل بارش جاری ہے۔ اضلاع میں بھی کئی مقامات پر بارش کی اطلاع ہے ۔ کچھ مقامات پر ہلکی سے اوسط یا تیز بارش ہوئی تو کہیں کہیں موسلادھار بارش بھی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ شہر میں بارش کے بعد کئی علاقوں میں برقی منقطع ہونے کی شکایات ملیں جبکہ گذشتہ دنوں برقی عہدیداروں نے اعلان کیا تھا کہ حیدرآباد میں بارش اور مانسون کے دوران بلا وقفہ معیاری برقی سربراہی کو یقینی بنایا جائیگا ۔ معمولی مانسون کی بارش کے دوران شہر کے کئی علاقوں میں برقی سربراہی میں کئی گھنٹوں تک خلل رہا ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق ریاست میں 5جولائی تک مانسون کے مکمل سرگرم ہونے یا شدت اختیار کرنے کا امکان نہیں ہے لیکن ہلکی اور تیز بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ چند یوم جاری رہے گا۔ بارش سے جن سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی شکایات ملی تھیں جی ایچ ایم سی کے عملہ کو سڑکوں سے پانی کی نکاسی کے اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے ایمرجنسی عملہ کو متحرک دیکھا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دونوں شہروں میں بارش کا یہ سلسلہ آئندہ 3یوم تک جاری رہ سکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے انتباہ کے ساتھ ہی بلدیہ کے عہدیداروں نے ایمرجنسی عملہ اور ای وی ڈی ایم کے عملہ کو چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دیں اور کہا کہ پانی کو جمع ہونے نہ دیا جائے اور ان درختوں کی شاخوںکو کاٹنے کے اقدامات کئے جائیں جن کے گرنے کا خدشہ ہے۔ علاوہ ازیں آئندہ موسم باراں کے پیش نظر ان برقی کھمبوں کو تبدیل کرنے کی ہدایت دی گئی جو کہ کمزور ہیں یا جھک چکے ہیں۔اتوار کی صبح سے جاری بارش کے بعد دونوں شہروں میں موسم خوشگوار ہوگیا تھا اور شہریوں نے گرمی سے راحت کی سانس لی ۔ سہ پہر کے بعد سے دونوں شہروں کے علاوہ نواحی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔