نئی دہلی: پاکستان کے ساتھ بڑھتے ہوئے تناؤ کے درمیان لوگوں کو فضائی حملوں کی صورتحال میں امداد اور بچاؤ کے بارے میں آگاہ کرنے اور تربیت دینے کیلئے مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے مختلف ریاستوں کو بھیجے گئے ہدایات کے مطابق چہارشنبہ کو ملک کے مختلف شہروں میں سیول ڈیفنس کے تحت ماک ڈرل (تمثیلی مشقیں) منعقد کی گئیں۔آج شام کو 244 اضلاع میں بلیک آؤٹ کی مشق بھی کی گئی۔ اس دوران سیول ڈیفنس، پولیس ہوم گارڈ اور دیگر سرکاری ایجنسیوں کے لوگ مشق میں شریک تھے۔ دارالحکومت میں ڈاکٹر رام منوہر لوہیا اسپتال، میور وہار اور خان مارکیٹ سمیت دن کے وقت فضائی حملے کے سائرن کی آواز کے ساتھ لوگوں کو بچاؤ اور امدادی اقدامات کی تربیت دی گئی۔ شام کو آٹھ سے ساڑھے آٹھ بجے کے درمیان نارتھ بلاک، ساؤتھ بلاک، راشٹرپتی بھون سمیت دارالحکومت کے کئی علاقوں میں بتیاں بجھا دی گئیں اور کچھ دیر کیلئے دارالحکومت اندھیرے کی چادر میں لپٹ گیا۔نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) گروپ ہیڈکوارٹر جالندھر کے زیر اہتمام چھ این سی سی بٹالینز کے مختلف 250 تعلیمی اداروں نے سیول ڈیفنس ماک ڈرل کی مشق کی۔ بریگیڈیئر اجے تیواری (آرمی میڈل) گروپ کمانڈر نے آج بتایا کہ ہوشیارپور، کپور تھلا، پھگواڑہ اور جالندھر کی تین بٹالینز کے کالجوں اور اسکولوں میں آٹھ ہزار این سی سی کیڈٹس اور طلبہ/طالبات نے سیول ڈیفنس ماک ڈرل کی مشق کی۔ فوج کے تربیت دہندگان اور اساتذہ نے تعلیمی اداروں میں لیکچر، مظاہرے اور جنگ کے دوران فضائی حملوں سے بچنے کے طریقے کیڈٹس اور طلبہ کو سکھائے ۔بریگیڈیئر تیواری نے بتایا کہ کلاس یا گھر کے اندر، بازار، کھیل کے میدان اور کھلے میدان میں سیول ڈیفنس کے مختلف طریقے سکھائے گئے ۔ شہریوں کے زخمی ہونے پر فرسٹ ایڈ اور زخمیوں کو نکالنے کے طریقے بھی سکھائے گئے ۔ کیڈٹس اور طلبہ کو بلیک آؤٹ میں کارروائی بھی سکھائی گئی۔ بریگیڈیئر اجے نے بتایا کہ ملک کے 300 اضلاع میں سیول ڈیفنس ماک ڈرل کی مشق کی گئی اور تمام شہریوں کو فضائی حملوں اور نیوکلیئر، بائیولوجیکل اور کیمیکل وارفیئر میں بچاؤ کے طریقے کیڈٹس اور طلبہ کو سکھائے گئے ۔