سابق ڈائرکٹر مائنس راجگوپال سے وضاحت طلبی
حیدرآباد۔ /6 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے آندھرا پردیش مائنس اینڈ جیالوجی شعبہ کے سابق ڈائرکٹر راجگوپال کی جانب سے مختلف عدالتوں میں درخواستوں کے ادخال پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ جسٹس ابھینند کمار شاولی نے راجگوپال کی درخواست کی سماعت کی جس میں انہوں نے سی بی آئی کی جانب سے پینا سمنٹ کے معاملہ میں دائر کردہ مقدمہ اور چارج شیٹ کو کالعدم قرار دینے کی اپیل کی ہے۔ راجگوپال سمنٹ کمپنی کو اراضی لیز پر دیئے جانے کے معاملہ میں بدعنوانیوں کے الزامات کا سامنا کررہے ہیں۔ سی بی آئی کے وکیل کے سریندر نے عدالت کو بتایا کہ راجگوپال نے ایک طرف ٹرائیل کورٹ میں یہ درخواست دائر کی ہے تو دوسری طرف ہائی کورٹ سے بھی اسی اپیل کے ساتھ رجوع ہوئے ہیں۔ راجگوپال کو بعض دیگر چارج شیٹس میں بھی ماخوذ کیا گیا ہے۔ سی بی آئی وکیل نے کہا کہ عدالتوںکی جانب سے سابق میں اس طرح کی درخواستیں مسترد کی جاچکی ہیں لہذا نئے چارج شیٹ کا حوالہ دیتے ہوئے دوبارہ درخواست داخل کی گئی۔ جسٹس شاولی نے درخواست گذار کے وکیل سے سوال کیا کہ اگر ٹرائیل کورٹ درخواست کو قبول کرلے تو پھر ہائی کورٹ میں درخواست کا کیا ہوگا۔ راجگوپال کے وکیل نے کہا کہ ایسی صورت میں ہائی کورٹ کی درخواست از خود ختم ہوجائے گی۔ جج نے درخواست گذار سے کہا کہ وہ اس طرح کی درخواستوں کے ذریعہ عدالتوں پر بوجھ میں اضافہ نہ کریں۔ وکیل نے درخواست واپس لینے کے مسئلہ پر فیصلہ کیلئے وقت مانگا۔ جسٹس شاولی نے سی بی آئی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 4 ہفتے بعد مقدمہ کی سماعت مقرر کی ہے۔