حیدرآباد۔/4ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حکومت نے مختلف سرکاری محکمہ جات میں 44 اسسٹنٹ سکریٹریز کے تبادلوں کے احکامات جاری کئے۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے جی او آر ٹی 1604 کے تحت فوری اثر کے ساتھ تبادلوں کی ہدایت دی ہے۔ اسسٹنٹ سکریٹری رتبہ کے عہدیداروں کا دیگر محکمہ جات میں تبادلہ کرتے ہوئے پوسٹنگ دی گئی ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود میں ایگزیکیٹو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی اور سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی شیخ لیاقت حسین کا محکمہ داخلہ میں بطور اسسٹنٹ سکریٹری تبادلہ کیا گیا۔ پنچایت راج اور رورل ڈیولپمنٹ کے اسسٹنٹ سکریٹری سجاد علی کا تبادلہ کرتے ہوئے محکمہ اقلیتی بہبود میں پوسٹنگ کی گئی ہے۔ تلنگانہ اقلیتی کمیشن کے اسسٹنٹ سکریٹری کے سرینواس پرساد کا ویجلینس اینڈ انفورسمنٹ میں تبادلہ کیا گیا۔ چیف سکریٹری نے محکمہ جات کو ہدایت دی ہے کہ تبادلہ کردہ عہدیداروں کو فوری ریلیو کریں اور ان کی جگہ نئے تقرر کردہ عہدیداروں کو پوسٹ کیا جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ بیشتر عہدیداروں نے متعلقہ محکمہ سے ریلیو دیتے ہوئے الاٹ کردہ محکمہ میں رپورٹ کردیا ہے۔ شیخ لیاقت حسین کے تبادلہ سے اردو اکیڈیمی اور حج کمیٹی کے دو اہم عہدے مخلوعہ ہوئے ہیں۔ یہ دونوں عہدے ایسے ہیں جہاں صرف اقلیتی طبقہ کے عہدیداروں کا تقرر کیا جاسکتا ہے۔ اردو اکیڈیمی میں اردو جاننے والا عہدیدار ضروری ہے جبکہ حج کمیٹی میں فریضہ حج سے واقف عہدیدار کی ضرورت پڑتی ہے۔ 1