برلن ۔4جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) دہشت گرد گروہ دولت اسلامیہ کے خلاف برسرپیکار بین الاقوامی عسکری اتحاد میں شامل متعدد ممالک نے عراقی فورسز کی تربیت کا عمل روکنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ تازہ پیش رفت عراقی دارالحکومت بغداد میں ہوئے ایک امریکی فضائی حملے میں ایرانی جنرل کی ہلاکت کے بعد کشیدہ صورتحال کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جرمنی، ڈنمارک، ناورے اور سویڈن نے عراقی فورسز کی حربی استعداد بڑھانے کے حوالے سے جاری اپنے اپنے تربیتی پروگرام روک دیے ہیں۔ جرمن فوج کے مطابق یہ اقدام احتیاطی طور پر اٹھایا گیا ہے، جس کا مقصد وہاں تعینات جرمن فوجیوں کی سلامتی ہے۔
امریکہ کاپاکستانی فوج کی تربیت کا عمل دوبارہ شروع کرنے کا اعلان
واشنگٹن ۔4جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پاکستان کو دوبارہ امریکی فوجی تربیت اور عسکری تعلیمی پروگرامز میں شامل کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ ایک برس سے زائد عرصے قبل صدر ٹرمپ نے پاکستانی فوج کیلئے تربیتی پروگرام بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس اقدام سے پاکستان اور امریکہ کے درمیان بہتر ہوتے تعلقات کا بھی پتہ چلتا ہے۔ واضح رہے کہ جنوری 2018 میں صدر ٹرمپ نے پاکستانی فوج کے ساتھ قریب تمام تر عسکری تعاون روکنے کا اعلان کیا تھا۔