مختلف کارپوریشنوں کے صدورنشین کی میعاد ختم

,

   

سرکاری احکامات کی اجرائی، اکبر حسین، یوسف زاہد اور عبدالعلیم شامل

حیدرآباد۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) حکومت نے 8 مختلف کارپوریشنوں کے صدورنشین کی میعاد کی تکمیل کے احکامات جاری کئے ہیں، جن صدورنشین کی 3 سالہ میعاد آج یکم مارچ کو ختم ہوگئی۔ ان میں سید اکبر حسین (اقلیتی فینانس کارپوریشن)، یوسف زاہد (کھادی اینڈ ویلیج انڈسٹریز بورڈ) اور سید عبدالعلیم ڈیولپمنٹ کارپوریشن) شامل ہیں۔ واضح رہے کہ حکومت نے یکم مارچ 2017ء کو جی او آر ٹی 530 کے 10 کارپوریشنوں کے صدورنشین کے تقررات عمل میں لائے تھے۔ ان میں 5 مسلمان تھے۔ جی او میں میعاد کا ذکر نہیں کیا گیا تھا۔ میر عنایت علی باقری (سیٹ ون) نے اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے جبکہ شیخ بڈھن صاحب انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن) نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے صدرنشین کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کے مطابق کے سی آر کے علم میں یہ بات آئی کہ تقرر کے جی او میں میعاد نہ ہونے کے سبب صدورنشین کے عہدوں پر برقراری کی کوشش کررہے ہیں۔ کے سی آر نے عہدیداروں کو طلب کرتے ہوئے جی او 580 میں میعاد کا تذکرہ نہ کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور تمام متعلقہ محکمہ جات کو تین سالہ میعاد کے احکامات جاری کرنے کی ہدایت دی۔ اسی دوران سیکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے کل رات جی او آئی 33 مورخہ 29 فروری جاری کرتے ہوئے صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن کی تین سالہ میعاد آج یکم مارچ کو ختم ہونے کی اطلاع دی۔ جی او میں کہا گیا کہ صدرنشین کی میعاد یکم مارچ 2017ء تا یکم مارچ 2019ء ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب حکومت نے صدورنشین کی میعاد کی تکمیل کے احکامات جاری کئے ہیں۔