نیشنل میڈیکل کمیشن کے عدم اطمینان پر ریاستی حکومت کا فیصلہ
حیدرآباد۔ 23 جون (سیاست نیوز) ریاست کے میڈیکل کالیجس میں بنیادی سہولتوں کا جائزہ لینے کیلئے 25 تا 29 جون مختلف کالیجس کا معائنہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیشنل میڈیکل کمیشن نے تلنگانہ کے 26 میڈیکل کالیجس کی بنیادی سہولتوں پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے جس کے بعد حکومت نے ان میڈیکل کالیجس پر اپنی توجہ مرکوز کردی ہے۔ محکمہ صحت کے سیکریٹری کرسٹینا، ڈی ایم ای نریندر کمار نے دہلی پہنچ کر نیشل میڈیکل کمیشن سے ملاقات کی اور میڈیکل کالجس میں بنیادی سہولتوں کے تعلق سے وضاحت بھی پیش کی۔ اس سے قبل چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرتے ہوئے ریاست کے میڈیکل کالیجس میں بنیادی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ میڈیکل کالیجس کو درکار تمام سہولتیں فوری فراہم کریں۔ خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر مختلف میڈیکل کالیجس کا معائنہ کرواتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی جس کے بعد محکمہ صحت نے اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل مختلف کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ یہ کمیٹیاں 25 تا 29 جون ریاست کے 34 سرکاری میڈیکل کالیجس کا معائنہ کریں گی اور کالیجس میں بنیادی سہولتوں کا جائزہ لیں گی اور 30 جون کو اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کریں گی جس کے بعد حکومت ان کالیجس کو درکار سہولتیں فراہم کرنے کے بارے میں اقدامات کرے گی۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ دہلی میں نیشنل میڈیکل کمیشن سے ملاقات کرنے والے ریاست کے عہدیداروں نے یہی بات انہیں بتائی ہے۔2