مخدوش عمارتوں کے مکینوں کا تخلیہ کرائیں

   

شدید بارش کی پیش قیاسی کے بعد بلدیہ کو کے ٹی آر کی ہدایت
حیدرآباد :۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے آئندہ تین دن تک شہر میں بارش کی پیش قیاسی کے بعد جی ایچ ایم سی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ قدیم اور مخدوش عمارتوں کی نشاندہی کریں اور ان عمارتوں کو نوٹس جاری کرکے مقیم عوام کو خالی کرائیں ۔ کل پرانے شہر کے حسینی علم علاقہ میں قدیم عمارت منہدم ہوجانے اور دو افراد کی ہلاکت کا وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے سخت نوٹ لیا ہے اور جی ایچ ایم سی عہدیداروں سے رابطہ پیدا کرتے ہوئے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں شامل مخدوش عمارتوں کی فہرست طلب کی ہے اور مخدوش عمارتوں کی نشاندہی کے باوجود عوام کو ان مکانات سے خالی کرانے میں ہورہی تاخیر پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ عہدیداروں نے مخدوش عمارتوں کی فہرست اور خالی کرائے گئے تفصیلات سے کے ٹی آر کو واقف کرایا ۔ کے ٹی آر نے محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ 72 گھنٹے شہر میں زبردست بارش کی جو پیش قیاسی کی ہے اس کا سخت نوٹ لینے کی ہدایت دی اور انہیں جانی مالی نقصانات کو بچانے ہر ممکنہ اقدامات کی ہدایت دی ہے ۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے اسسٹنٹ سٹی پلانرس اور ٹاون پلاننگ عملہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری مخدوش مکانات کے مالکین کو نوٹس جاری کرے اور مکانات خالی کرانے کی وجوہات بتاتے ہوئے انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرے ۔ کے ٹی آر نے شہر حیدرآباد میں ہونے والی دھواں دھار بارش کے پیش نظر چوکنا رہنے کی جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کو ہدایت دی ۔