مخصوص طبقہ کو پی سی سی کی صدارت پر ہنمنت راؤ کا اعتراض

   

بی سی لیڈر کو نیا صدر پردیش کانگریس مقرر کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد 25 جون (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈر وی ہنمنت راؤ نے سوال کیاکہ پردیش کانگریس کی صدارت صرف ایک طبقہ کو کب تک دی جائے گی۔ وی ہنمنت راؤ جو پردیش کانگریس کی صدارت کی دوڑ میں ہیں، میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ صرف ایک طبقہ کو ہمیشہ پردیش کانگریس کی صدارت کے لئے ترجیح دی جاتی ہے۔ اُنھوں نے مطالبہ کیاکہ ابتداء سے پارٹی کیلئے وفاداری کے ساتھ کام کرنے والوں کو کانگریس کی صدارت سونپی جائے۔ اُنھوں نے بی سی طبقہ کے قائد کو صدر پردیش کانگریس مقرر کرنے کا مطالبہ کیا۔ اُنھوں نے سوال کیاکہ پارٹی میں مجھ سے بڑھ کر وفادار اور سینئر کون ہے؟ ہنمنت راؤ نے بتایا کہ جولائی کے پہلے ہفتہ میں کانگریس قائدین کا اجلاس طلب کیا جائیگا۔ اُنھوں نے سوال کیاکہ اے آئی سی سی انچارج کنتیا نے قیادت میں عدم تبدیلی کا جیسے ہی اعلان کیا جگا ریڈی کس طرح اِس عہدہ کا مطالبہ کرسکتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ پیراشوٹ قائدین کو ٹکٹ دیئے جانے کے سبب آج پارٹی کی یہ حالت ہوئی ہے۔ 12 ارکان اسمبلی کو ہم انحراف سے روک نہیں پائے۔