چیف منسٹر کے سی آر سے تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن کی ملاقات
حیدرآباد۔11۔نومبر(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے جلد ہی مخلوعہ جائیدادوں پر بھرتی کیلئے اعلامیہ جاری کیا جائے گا اور مہنگائی بھتہ کی اجرائی جلد عمل میں لائی جائے گی ۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس اسوسیشن کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران اس بات کا تیقن دیا کہ حکومت کی جانب سے جلد ہی مہنگائی بھتہ اور بقایاجات کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ ملازمین کی تنظیموں کے ذمہ داروں نے آج پرگتی بھون میں کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات کے دوران چیف منسٹر نے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں اعلامیہ کی اجرائی کے عمل سے متعلق بتایا کہ ریاستی حکومت زونل سسٹم کے مطابق تمام جائیدادوں پر تقررات کا جائزہ لینے اور اس عمل کی تکمیل کے بعد ریاست میں مخلوعہ جائیدادوں پر بھرتی کیلئے اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائے گی۔ ملازمین کی تنظیموں کے ذمہ داروں کی چیف منسٹر سے ملاقات کے دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ملازمین کی جانب سے کی جانے والی نمائندگیوں اور ان کے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کا چیف منسٹر نے وعدہ کیا۔وزیر سرینواس گوڑ کی نگرانی میں ملازمین کے تنظیموں کے نمائندوں کی اس ملاقات کے دوران ہوئی بات چیت کے سلسلہ میں کہا جارہا ہے کہ چیف منسٹر کی جانب سے مہنگائی بھتہ کی اجرائی کا تیقن حکومت کے ملازمین کے لئے خوشخبری ہے۔چیف منسٹر نے ملاقات کرنے والے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ زونل سسٹم کے مطابق ملازمین اور عہدیداروں کے ایڈجسٹمنٹ کے عمل کی تکمیل میں تعاون کرتے ہوئے اس عمل کو جلد از جلد مکمل کریں تاکہ حکومت کی جانب سے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کو یقینی بنانے کیلئے اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جاسکے۔ ملازمین کی تنظیموں کے نمائندوں نے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے سبب نوجوانوں کو حاصل ہونے والی ملازمتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ریاست میں 95 فیصد تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ملازمت حاصل ہونے لگی ہے جو کہ حکومت کے اقدامات کی بہت بڑی کامیابی ہے اور روزگار کی شرح میں بہتری پیدا کرنے میں یہ اقدامات انتہائی معاون ثابت ہورہے ہیں۔چیف منسٹر سے ملاقات کرنے والوں میں مسٹر سہا دیو‘ ایم بی کرشنا یادو‘ مسز ممتا کے علاوہ جی وینکٹیشورلو اور وینکٹیا شامل ہیں۔م