مداحوں کا احتجاج کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم کی جرسی بدل دی گئی

   

ڈھاکہ۔ یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کٹ کے رنگ سے مشابہت رکھنے والی بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کی جرسی کو مداحوں کے شدید احتجاج کے بعد تبدیل کردیا ہے ۔ بی سی بی نے شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم ڈھاکہ میں کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے لیے اپنی ٹیم کی کٹ کی رونمائی کی۔ مذکورہ کٹ مکمل طور پر سبز رنگ کی تھی جس میں عمومی طور پر شامل ہونے والے سرخ رنگ کو اس مرتبہ ٹیم کی کٹ میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ کٹ منظر عام پر آنے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر بنگلہ دیشی کرکٹ کے مداحوں نے بورڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اس کٹ کو پاکستان کی کٹ جیسا قرار دیا۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نجم الحسن ٹیم کی کٹ کو پاکستان کی کٹ جیسا قرار دینے پر مداحوں پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس کٹ پر واضح طور پر بنگلہ دیش لکھا ہوا ہے، تو آپ کس طرح اسے پاکستان کی کٹ کے ساتھ الجھا سکتے ہیں؟ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس کٹ پر ’ٹائیگر‘ کی تصویر اور ٹیم کا لوگو دیکھنے کے باوجود اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ یہ پاکستان کی کٹ ہے تو میرا خیال ہے کہ اس شخص کو پاکستان چلے جانا چاہئے۔ نجم الحسن کے بموجب کٹ کی رونمائی کے بعد وہ ایک مرتبہ پھر بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ساتھ کٹ کا جائزہ لیا۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہم میں سے کسی نے اس بات کی نشاندہی کی کہ اس کٹ میں سرخ رنگ کی کمی ہے، تاہم اس کے بعد ٹیم کی کٹ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔ بی سی بی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) قوانین کے تحت ہی انہیں کٹ کا ڈیزائن فراہم کیا تھا، جس پر سبز رنگ کے ساتھ سرخ رنگ سے کھلاڑیوں کے نام اور نمبر لکھے گئے تھے۔ آئی سی سی نے پڑھنے میں مشکلات آنے کی وجہ سے اس کٹ کو مسترد کردیا تھا، تاہم بی سی بی کی جانب سے سے مکمل سبز رنگ کی کٹ کا ڈیزائن دیا گیا جس میں کھلاڑیوں کے نام سفید رنگ سے لکھے ہوئے تھے جسے آئی سی سی نے منظورکرلیا تھا۔ بی سی بی کے صدر نجم الحسن نے کہا کہ مداحوں کی شدید مخالفت کی وجہ سے بی سی بی کو عجلت میں ٹیم کے لباس کا ڈیزائن تبدیل کرتے ہوئے اس میں سرخ رنگ کو شامل کرنا پڑا۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم انگلینڈ میں ہونے والے کرکٹ ورلڈکپ 2019 میں اپنی مہم کا آغاز جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے کرے گی۔ دوسری جانب کرک انفو کی جانب سے کیے جانے والے سروے میں کرکٹ مداحوں نے بنگلہ دیشی کی 2019 کے لئے پہلے متعاورف کروائی گئی مکمل سبز رنگ کی کٹ کو تاریخ کی بہترین کٹ قرار دیا۔ مداحوں نے 2019 کے لیے مکمل سبز رنگ کی جرسی کو اب تک کی بہترین جرسی قرار دیتے ہوئے سب سے زیادہ 36 فیصد ووٹ دیے۔ اس کے علاوہ مداحوں کی نظر میں بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کی 2015 میں متعارف کروائی جانے والی کٹ دوسری بہترین جرسی قرار پائی۔