برلن ۔ 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نامور شخصیات کے مداح سوشل میڈیا پر آئے روز انوکھی فرمائشیں کرتے ہی رہتے ہیں لیکن ترک نڑاد جرمن فٹبالر میست اوزل کے پرستار نے جواب ملنے پر بیٹے کا نام اوزل رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔اوزل کے مداح جیک روبنسن نے اپنے ٹوئٹ میں میست اوزل کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ اگر اوزل انہیں اس ٹوئٹ پر جواب دیں گے تو ان کی اہلیہ ہمارے ہونے والے بچے کا نام ’اوزل‘ رکھنے دیں گی۔انہوں نے ٹوئٹ میں اوزل سے درخواست بھی کی تھی کہ وہ انہیں مایوس نہ کریں۔جرمن فٹبالر نے بھی مداح کے ٹوئٹ کو نظر انداز نہیں کیا اور مداح کے ٹوئٹ کا 4 روز بعد جواب دے کر دنیا میں اپنے ہم نام کا اضافہ کردیا۔اوزل نے اپنے ٹوئٹ میں مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ میں نے آپ کو مایوس نہیں کیا اور یہاں معاہدہ طے ہوا۔اوزل نے اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی کہا کہ جولائی میں وہ مداح کے نومولود کا برتھ سرٹیفیکٹ دیکھنا چاہیں گے۔اوزل کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے پرستار جیک روبنسن نے ان کا شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ وہ انہیں مایوس نہیں کریں گے۔