نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا قاری عثمان منصورپوری کی صدارت میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف علماء کرام نے اپنے تجویز اور مفید مشورے دیئے۔ جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے کہا کہ موجودہ زمانہ میں دینی فریضہ کی انجام دہی، ملی و سماجی معاملات کی صحیح رہنمائی او رملکی حالات نیز درپیش قوانین کا تقاضہ ہے کہ مدارس اسلامیہ‘ مکاتب دینیہ کے طلبہ بنیادی عصری علوم سائنس‘ جغرافیہ‘ حساب اور انگریزی زبان سے مہارت حاصل کریں تاکہ علماء دین کا کام بخوبی انجام دے سکیں۔ اس پس منظر میں جمعیۃ علماء ہند مدارس اسلامیہ کے ذمہ دارو ں سے اپیل کرتا ہے کہ مذکورہ تقاضوں کے مد نظر اپنے نظام تعلیم میں بنیادی عصری علوم کو شامل کریں،
اس سے مدارس اسلامیہ پر اٹھنے والے بے جا اعتراضات کا سد باب بھی ہو جائے گا۔ مولانا محمود مدنی نے کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم کرنے اور برادران وطن کے ساتھ امن و امان کی کوشش او رشجر کاری مہم میں حصہ لینا کسی سے ڈر کا نتیجہ نہیں ہے بلکہ یہ سب ہم نے احساس ذمہ داری کے تحت کیا ہے۔
جمعیۃ علماء ہند کے سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث نوجوانوں کے کیس لڑنے کے حوالہ سے جمعیۃ کی کارکردگی پر روشنی ڈالی او رکہا کہ ملک میں اگر کہیں بھی ایجنسیاں نوجوانوں کو نشاندہی بناتی ہیں تو جمعیۃ کے مرکزی دفتر کو مطلع کریں جمعیۃ علماء ہند ہر ممکنہ تعاون کرے گی۔