حیدرآباد۔ 20 جولائی (راست) حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے اے ڈیویژن لیگ مقابلوں میں محمود کرکٹ کلب حیدرآباد نے کریم نگر ڈسٹرکٹ ٹیم کو 51 رنز سے ہرایا۔ میچ کے پہلے دن محمود سی سی ٹیم نے ٹاسک جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 185 رنز بنائے اور جواب میں کریم نگر ڈسٹرکٹ ٹیم نے 34 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ محمود سی سی حیدرآباد کے آف اسپنر محمد خواجہ مدثر احمد نے اپنی بولنگ کے ذریعہ اس سیزن کے تیسرے میچ میں دوبارہ 11 اوورز میں 3 میڈن کے ساتھ 21 رنز دے کر 6 وکٹس حاصل کئے۔ انہوں نے اس لیگ چمپین شپ کے گزشتہ ہفتہ کے میچ میں بھی 6 وکٹس حاصل کئے تھے۔ 90 اوورس کے ان دو روزہ مقابلوں میں مدثر احمد نے اب تک جملہ 3 میچوں میں الگ الگ ٹیموں کے مقابل کھیلتے ہوئے جملہ 14 وکٹس حاصل کئے حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے ویب سائٹ پر سیزن کے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولروں کی فہرست میں 9 واں مقام پر حاصل کرلیا ہے۔
