مدرسہ ٹرسٹیز کیخلاف بغیر اجازت لاؤڈ اسپیکر استعمال پر مقدمہ

   

ممبئی کے چونا بھٹی علاقہ میں پولیس کی کارروائی

ممبئی ، 17 جون (یو این آئی) ممبئی کی چونا بھٹی پولیس نے نامدار چال، قریشی نگر میں واقع انجمن شہہ عالم مدرسہ حبیبیہ انجیل الاسلام کے دو ٹرسٹیز کے خلاف سرکاری اجازت کے بغیر لاؤڈ اسپیکر استعمال کرنے کا مقدمہ درج کیا ہے ۔ الزامات کے مطابق، 15 جون کی شام مبینہ غیر قانونی استعمال سے علاقے میں شور کی آلودگی پیدا ہوئی۔ ملزمان کو سلیم عزیز شاہ اور توفیق زین الدین شاہ کے نام سے شناخت کیا گیا ہے ۔اس واقعہ کو ممبئی ہائی کورٹ کے 23 جنوری کے فیصلے کی صریح خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے ، جس میں واضح کیا گیا تھا کہ لاؤڈ اسپیکر کسی مذہبی رسم کا لازمی جز نہیں ہیں اور صوتی آلودگی کے قوانین کی پابندی ضروری ہے ۔ گزشتہ 2 مارچ کو، چونا بھٹی پولیس کے اے ٹی ایس اسکواڈ نے تمام مساجد کے ٹرسٹیز کو طلب کرکے عدالتی ہدایات سے آگاہ کیا تھا اور یہ واضح کیا تھا کہ مذہبی مقامات پر لاؤڈ اسپیکر چلانے کے لیے پولیس سے اجازت حاصل کرنا لازمی ہے ۔انجمن شہہ عالم مدرسہ کے منتظمین کو تحریری نوٹس دے کر بھی آگاہ کیا جا چکا تھا کہ لاؤڈ اسپیکر استعمال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ وہ مناسب اجازت حاصل کریں اور مقررہ ڈیسیبل حدود کا احترام کریں۔ ان تمام انتباہات کے باوجود، مبینہ طور پر ٹرسٹیز نے ضروری اجازت حاصل کیے بغیر لاؤڈ اسپیکر چلائے ۔ پولیس نے شور کی آلودگی (ریگولیشن اینڈ کنٹرول) رولز، 2000، اور بھارتیہ نیائے سہنتا کے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے ۔ مزید تفتیش جاری ہے ۔