مدری کے مسلم علاقوں میں سڑک کی تعمیر اور دیگر کام ادھورے

   

ریاستی اور مرکزی حکومت سے فنڈز کی عدم اجرائی ، ملازمین بھی تنخواہ سے محروم ، سرپنچ رمیش کی وضاحت

کوہیر /20 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کوہیر منڈل کے موضع مدری میں واقع مسلم آبادی والے علاقوں میں موضع کے سرپنچ رمیش اور ایم پی ٹی سی سرینواس کی مبینہ لاپرواہی کی وجہ سے سڑکیں خستہ ہال میں ہے۔ مقامی مسلمانوں کی جانب سے کئی مرتبہ یادداشت حوالے کی گئی لیکن سرپنچ سڑکوں کی تعمیرات میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہے ہیں۔ محمد خواجہ پٹیل سابق ڈپٹی سرپنچ اور محمد عادل نے بتایا کہ رمضان المبارک میںاب صرف چند دن باقی رہ گئے ہیں ۔ اس ضمن میں 13 مارچ کو ہوئے منڈل سطح کے سہ ماہی جنرل باڈی اجلاس میں کوہیر منڈل صدر نشین بی مادھوی نائب صدرنشین محمد شاکر علی منڈل ڈیولپمنٹ آفیسر کے سجاتا نائیک اور ضلع پریشد رکن رام داس نے تمام سرپنچ اور پنچایت سکریٹری کو ہدایت دی تھی کہ رمضان کے مہینہ کی آمد سے قبل اسٹریٹ لائیٹس سڑکوں کی مرمت ، پینے کے پانی کیلئے موثر انتظامات کو قطعیت دیتے ہوئے جلد تکمیل کرلیں ۔ لیکن مدری سرپنچ نے ابھی تک کچھ بھی کام انجام نہیں دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ امبیڈکر مجسمہ سے ہنومان مندر اور جامع مسجد تک کی سڑک انتہائی خستہ ہال ہے اور اسی سڑک پر پرائمری اسکول بھی واقع ہے ۔ بڑے بڑے گڑھے پڑنے سے عوام اور طلباء کو شدید مصائب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ سرپنچ اور ایم پی ٹی سی کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی ۔ اس موقع پر سرپنچ رمیش سے ربط کرنے پر انہوں نے بتایا کہ وہ مجبور ہے ۔ گذشتہ 8 ماہ سے ریاستی حکومت نہ ہی مرکزی حکومت سے کوئی فنڈ جاری نہیں کیا گیا حد تو یہ ہے کہ گرام پنچایت کے ملازمین کو تنخواہ دینے کیلئے درکار فنڈ نہیں ہے ۔ ہم لوگ کیا کرسکتے ہیں جو فنڈ آتا ہے وہ گاؤں کی ترقی کیلئے خرچ کیا جارہا ہے ۔ ہر گلی میں سی سی سڑکیں تعمیر کی جارہی ہیں ۔ مذکورہ سڑک کی تعمیر کیلئے اسٹیٹمنٹ تیار کرلیا گیا ہے ۔ منظوری آتے ہی کاموں کا آغاز ہوجائے گا ۔ گاؤں میں رمضان سے قبل پینے کے پانی لائٹس وغیرہ کے کاموں کو تکمیل کرلیا جائے گا ۔