حقہ نوشی کرنے کا انکشاف، شراب کی بوتلیں برآمد، مقدمات درج، جرمانہ عائد
حیدرآباد : /2 نومبر (سیاست نیوز) سائبر آباد پولیس نے یکم نومبر کی شب کو چیوڑ لہ منڈل کے موضع مدمیال اور معین آباد منڈل کے ٹولکٹہ گاؤں کے حدود میں واقع فارم ہاؤسز پر اچانک دھاوے کئے۔ راجندر نگر زون کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس یوگیش گوتم کی نگرانی میں پولیس فورس کے ہمراہ مجموعی طور پر 39 فارم ہاؤس کی تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران ٹولکٹہ گاؤں کے عظیم الدین فارم ہاؤس میں حقہ نوشی کرتے ہوئے افراد پائے گئے۔ اسی طرح پرناو ولا ہلز، ٹولکٹہ میں شراب کی 18 بوتلیں برآمد ہوئی۔ ایک اور فارم ہاؤس واقع ٹولکٹہ گاؤں میں بغیر اجازت کے ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس میں 29 مرد و خواتین شریک تھے۔ وہاں بلند آواز میں موسیقی، آتش بازی اور مختلف برانڈز کی شراب کی خالی بوتلیں برآمد ہوئیں۔ شبہ کی بنیاد پر شرکاء کے ڈرگ ٹیسٹ کئے گئے مگر کوئی مثبت نتیجہ نہیں آیا۔ مدمیال گاؤں میں ایک گاڑی کے اندر حقہ پایا گیا۔ اسی طرح ریتیکا فارم ہاؤس، مدمیال میں بغیر اجازت “سلیٹ اسکول” کے تقریباً 150 طلباء و طالبات کو 10 بسوں کے ذریعے لایا گیا۔ وہاں غیر مجاز ساؤنڈ سسٹم نصب تھا اور چند افراد کو شراب نوشی کرتے پایا گیا۔ فارم ہاؤس تلاشی کے ساتھ ساتھ ٹولکٹہ علاقے میں 2 ٹیموں پر مشتمل SOT اور ٹریفک پولیس نے گاڑیوں کی تلاشی لی ۔ اس دوران 120 فور وہیلرس، 30 تھری وہیلرس اور 15 ٹووہیلرس والی گاڑیوں کی تلاشی لی گئی۔ اس دوران حالت نشہ میں گاڑی چلانے کے 3 کیسیس درج کئے گئے، 3 گاڑیاں ضبط کئے گئے اور 30,000 روپے کا جرمانہ وصول کیا گیا۔ چار مقدمات منتظمین اور فارم ہاؤس مالکان کے خلاف درج کئے جا رہے ہیں۔پولیس نے تمام فارم ہاؤس انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ کسی بھی قسم کے پروگرام کے انعقاد سے قبل باقاعدہ اجازت حاصل کریں۔ اگر تقریب میں شراب نوشی کا اہتمام ہو تو محکمہ ایکسائز سے اجازت لازمی لی جائے۔ خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ب