حسن آباد ۔ 14 ۔ نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حسن آباد ریونیو ڈیویژن کے مدور منڈل کے موضع نرسیا پلی کے مضافات میں واقع پٹلا کالونی میں کل شام دو اسکولی طلباء نے جو بچپن سے ہی انتہائی گہرے دوست تھے ، کل اسکول سے گھر واپسی سے قبل مشتبہ حالت میں بھاری مقدار میں کیڑے مار دوا پی کر علحدہ طور پر تشویشناک حالت میں گھر پہنچ کر دم توڑ دیا ۔ تفصیلات کے بموجب پٹلہ کالونی کے بھاسکر نامی 13 سالہ ساتویں جماعت کا طالب علم و 11 سالہ بنسی چھٹویں جماعت کا طالب علم حسبِ معمول کل شام ہائی اسکول نرسیا پلی سے اپنے گھر واپس ہوگئے ۔ تاہم جراثم کش ادویہ کے استعمال کے باعث غشی کے عالم جھومتے ہوئے آنے پر والدین نے وجہ دریافت کی ، وجہ بتانے سے قبل ہی 13 سالہ بھاسکر نے اپنے ہی گھر میں دم توڑدیا جبکہ 11 سالہ بنسی نازک حالت میں چریال دواخانے کو منتقلی کے بعد حالت کے بگڑجانے پر سدی پیٹ دواخانے کو روانہ کئے جانے کے باعث راستے میں ہی فوت ہوگیا ۔ اسکولی طلباء کی خودکشی کے وجوہات کا پتہ نہ چل سکا ۔ کمسن و ذہین طلباء کی جانب سے جراثم کش ادویہ کا استعمال و خودکشی کرلینے کا معمہ بن گیا ہے ۔ بیک وقت دو کمسن گہرے دوستوں کی مشتبہ موت پر موضع نرسیا پلی منڈل مدور و پٹلہ کالونی میں رنج و غم کے بادل چھا گئے ہیں۔ اطلاع پاکر سرکل انسپکٹر چریال ایل رگھو نے ضابطہ کی کارروائی کرنے و کیس درج کرنے و تحقیقات کرنے کا اعلان کیا ۔