مدھورا نگر سے پراسرار لاپتہ لڑکیوں کا پتہ چل گیا

   

حیدرآباد ۔ 15 جولائی (سیاست نیوز) شہر کے علاقہ مدھورانگر سے پراسرار طور پر لاپتہ دو لڑـیوں کا پتہ لگا لیا گیا ہے جن میں ایک یوٹیوبر شامل ہے جو عادل آباد ضلع خودکشی کرنے پہنچی تھی۔ مدھورانگر پولیس نے عادل آباد پولیس کی مدد سے میتھالی نامی یوٹیوبر کو بچا لیا جو کنٹالہ واٹر فال پہنچی تھی جبکہ دوسرے واقعہ میں ایک کم عمر لڑکی کو یادادری علاقہ سے برآمد کرلیا گیا ہے جو ایک خاتون کے ساتھ مشتبہ انداز میں گھوم رہی تھی۔ پولیس مدھورانگر نے دونوں واقعات کو کم وقت میں حل کرلیا۔ 36 سالہ یوٹیوبر میتھالی نے اپنے افراد خاندان کو فون پر خودکشی کرنے عادل آباد ضلع کے کنٹالہ واٹر فال جارہی ہے۔ اس بات کی اطلاع خاتون کے گھر والوں نے فوری طور پر مدھورا نگر پولیس کو دی۔ پولیس مدھورانگر نے عادل آباد پولیس کی مدد حاصل کی اور جس پولیس اسٹیشن کے تحت واٹر فال آتا ہے فوری نیراڈی گنڈہ پولیس کو چوکس کیا۔ مقامی پولیس نے محکمہ جنگلات کے عملہ کے تعاون سے میتھالی کو انتہائی اقدام سے بچا لیا اور میتھالی کو اس کے والدین کے حوالے کردیا جبکہ کم عمر لڑکی کے معاملہ میں پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے اقدام کیا۔ رحمت نگر علاقہ کے ساکن سنتوش کی لڑکی جمعرات کو اپنے مکان سے یہ کہتے ہوئے گئی تھی کہ وہ سہیلی کے مکان پوجا میں شرکت کیلئے جارہی ہے۔ رات جب لڑکی واپس نہیں لوٹی تو پریشان حال والدین نے مدھورا نگر پولیس میں شکایت درج کروائی۔ پولیس نے فوری اقدام کرتے ہوئے لڑکی کے فون سے اس کی موجودگی کے مقام کا پتہ چلایا اور فوری یادادری پہنچ کر لڑکی کو حاصل کرلیا جو ایک لکشمی خاتون کے ساتھ مشتبہ انداز میں گھوم رہی تھی۔ لڑکی سے جب پولیس نے وجہ دریافت کی تو لڑکی نے بتایا کہ وہ ٹی وی سیریلس میں اداکاری کرنا چاہتی ہے اور اس نے کئی سیریلس میں معمولی کردار کا رول بھی ادا کرچکی ہے۔ لکشمی نے اس لڑکی کو فلموں میں موقع فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی اور لڑکی اس سے ملاقات کیلئے چلی گئی۔ع