کے ٹی آر ، ہریش راؤ، سرینواس یادو اور دیگر قائدین نے مبارکباد پیش کی
حیدرآباد۔/13 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن کونسل ایس مدھو سدن چاری نے آج تلنگانہ قانون ساز کونسل کے قائد اپوزیشن کے عہدہ کا جائزہ حاصل کیا۔ بی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ، سابق وزیر ہریش راؤ، ڈپٹی چیرمین قانون ساز کونسل بنڈا پرکاش، تلنگانہ کونسل کے پہلے صدرنشین سوامی گوڑ، رکن اسمبلی سرینواس یادو اور دیگر قائدین نے مدھو سدن چاری کو مبارکباد پیش کی اور بحیثیت قائد اپوزیشن موثر رول ادا کرنے کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ مدھو سدن چاری جو سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے بااعتماد ساتھی ہیں انہیں کونسل میں قائد اپوزیشن کے عہدہ پر فائز کیا گیا۔ ایس مدھو سدن چاری تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے پہلے اسپیکر کی حیثیت سے 9 جون 2014 تا 16 جنوری 2019 خدمات انجام دے چکے ہیں۔2014 اسمبلی انتخابات میں وہ ورنگل ضلع کے بھوپال پلی اسمبلی حلقہ سے کامیاب ہوئے۔ متحدہ ورنگل ضلع میں13 اکٹوبر 1956 کو مدھو سدن چاری کا جنم ہوا۔ انہوں نے علحدہ تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کیا اور کے سی آر کے بااعتماد ساتھیوں میں ان کا شمار ہوتا ہے۔ مدھو سدن چاری نے اسمبلی اسپیکر کی حیثیت سے کپاس کے کسانوں کے مسائل کے حل میں اہم رول ادا کیا۔ وہ بی آر ایس کے جنرل سکریٹری اور پولیٹ بیورو رکن بھی رہے۔ 2021 میں گورنر کوٹہ کے تحت انہیں قانون ساز کونسل کیلئے نامزد کیا گیا۔1