ملک بھر میں آل انڈیا پروفیشنل کانگریس کو مستحکم کرنے کی منصوبہ بندی
حیدرآباد :18 اکٹوبر ( سیاست نیوز) آل انڈیا پروفیشنل کانگریس کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ نے کہا کہ ملک بھر میں پروفیشنل کانگریس کو مستحکم کیا جائے گا اور مختلف پیشہ جات سے وابستہ افراد کو شامل کرتے ہوئے سرگرمیوں کو توسیع دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو بطور ماڈل اختیار کرتے ہوئے دیگر ریاستوں میں پروفیشنل کو تنظیم سے وابستہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے مختلف شعبہ جات سے وابستہ پروفیشنل سے اپیل کی کہ آل انڈیا پروفیشنل کانگریس سے وابستہ ہوجائیں ۔ نئی دہلی میں عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد مدھو یاشکی گوڑ نے پہلی مرتبہ حیدرآباد پہنچنے پر گاندھی بھون میں صدرپردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ ، رکن پارلیمنٹ کرن کمار ریڈی اور دیگر قائدین سے ملاقات کی ۔ مہیش کمار گوڑ اور دیگر قائدین نے مدھو یاشکی گوڑ کو مبارکباد پیش کی اور تہنیت پیش کی ۔ مہیش کمار گوڑ نے اُمید ظاہر کی کہ آل انڈیا پروفیشنل کانگریس کو ملک بھر میں مستحکم کرنے کیلئے مدھو یاشکی اہم رول ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں دستور کے تحفظ کیلئے آل انڈیا پروفیشنل کانگریس کے رول میں اضافہ ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی زیر قیادت ملک بھر میں ووٹ چوری کے خلاف مہم میں سماج کے تمام طبقات جڑچکے ہیں ۔ پروفیشنل کانگریس کو مستحکم کرتے ہوئے راہول گاندھی کی مہم کو تقویت دی جائے گی ۔ 1/S