مدھیہ پردیش اسمبلی مانسون اجلاس کا پہلا دن ہنگاموں کی نذر ہوگیا ۔ اسمبلی اجلاس کے پہلے دن حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اس قدر تیکھی بحث ہوئی کہ مرحوم ممبران اسمبلی کو ہنگاموں کے بیچ ہی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ کانگریس نے حکومت پر عوامی مسائل سے چشم پوشی ، آدیواسیوں پر مظالم اور نو اگست کو یوم آدیواسی کے موقع سرکاری تعطیل کا اعلان نہیں کئے جانے کو لیکر جہاں اسمبلی کا گھیراؤ کیا تو وہیں حکومت نے کانگریس پر آدیواسیوں کو گمراہ کرنے اور خود کو آدیواسیوں کا سب سے بڑا ہمدرد بتایا۔مدھیہ پردیش اسمبلی کا مانسون اجلاس صرف چار روز کے لئے منعقد کیا گیا ہے ۔ اسمبلی اجلاس نو اگست کو شروع ہوا ہے اور بارہ اگست کو ختم ہو جائے گا۔ چار روزہ اسمبلی اجلاس میں گیارہ سو چوراسی سوال ممبران اسمبلی کی جانب سے لگائے گئے ہیں ۔ اسمبلی اجلاس کے دن میں توسیع کو لیکر کانگریس کی جانب سے مطالبہ کیا گیا تھا ، مگر اسپیکر کی جانب سےاجلاس کے دن میں توسیع نہیں کی گئی ۔ اسمبلی اجلاس کے ہنگامہ خیز ہونے کے آثار پہلے سے ہی تھے ۔