بی جے پی کے تمام 4 ایم پیز اسمبلی امیدوار ہوسکتے ہیں
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : مدھیہ پردیش اور راجستھان کے بعد امکان ہے کہ بی جے پی کی جانب سے مجوزہ تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں کئی سینئیر قائدین اور ارکان پارلیمنٹ کو انتخابی میدان میں اتارا جائے گا جن میں مرکزی وزیر جی کشن ریڈی بھی شامل ہوسکتے ہیں ۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کے کور گروپ نے قومی صدر جے پی نڈا کے ساتھ دہلی میں تفصیلی اجلاس منعقد کرتے ہوئے اس تعلق سے جائزہ لیا ہے ۔ بات چیت میں وزیر داخلہ امیت شاہ بھی موجود تھے ۔ ریاستی قائدین میں جی کشن ریڈی ، ایٹالہ راجندر ، بنڈی سنجے اور دوسرے اجلاس میں شریک رہے ۔ بی جے پی کی مرکزی الیکشن کمیٹی کا اجلاس تلنگانہ کے تعلق سے جلد ہی منعقد ہوگا جس میں پارٹی امیدواروں کو قطعیت دی جائے گی ۔ امید کی جارہی ہے کہ پارٹی کی جانب سے اپنے تمام 4 ارکان پارلیمنٹ کشن ریڈی ، بنڈی سنجے ، ڈی اروند اور ایس باپو راؤ کو اسمبلی کے لیے مقابلہ کرنے کی ہدایت جائے گی ۔ ریاست میں 30 نومبر کو ووٹ ڈالے جانے ہیں ۔ پارٹی حلقوں میں یہ تاثر عام ہورہا ہے کہ کشن ریڈی عنبر پیٹ سے ، بنڈی سنجے کریم نگر سے ، ڈی اروند کورٹلہ سے اور ایس باپو راؤ بوتھ سے امیدوار ہوسکتے ہیں ۔ سابق وزیر فینانس ایٹالہ راجندر حضور آباد یا گجویل سے مقابلہ کرسکتے ہیں ۔ پارٹی کی نائب صدر ڈی کے ارونا گدوال سے اور سابق رکن پارلیمنٹ جتیندر ریڈی محبوب نگر سے جب کہ رگھونندن راؤ دوباک سے مقابلہ کرسکتے ہیں ۔ واضح رہے کہ بی جے پی نے مدھیہ پردیش اور راجستھان میں بھی کئی ارکان پارلیمنٹ کو اسمبلی انتخابات میں میدان میں اتارا ہے ۔