بھوپال 19 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش اسمبلی میں آج دو مرتبہ کارروائی کو ملتوی کرنا پڑا کیونکہ بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی کی جانب سے چیف منسٹر کمل ناتھ کے خلاف کچھ ریمارکس پر کانگریس ارکان نے ہنگامہ آرائی کی ۔ اسپیکر این پی پرجاپتی نے ایوان کو ہنگامہ آرائی کے دوران دو مرتبہ ملتوی کیا ۔ ہنگامہ کی وہ سے ایوان کا وقفہ سوالات متاثر ہوا ۔ ایوان کی کارروائی جیسے ہی شروع ہوئی برسر اقتدار ارکان نے نعرہ بازی کی ۔ ان کا الزام تھا کہ ایک مظاہرہ کے دوران سابق رکن اسمبلی بی جے پی سریندر ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ چیف منسٹر کمل ناتھ کا خون گلیوں میں بہایا جائیگا ۔ کانگریس ارکان ایوان کے وسط میں آگئے اور احتجاج کرنے لگے ۔ بی جے پی نے اس مسئلہ پر ایوان میں مباحث کیلئے تیار رہنے کی بات کی لیکن کانگریس ارکان نعرہ بازی اور ہنگامہ آرائی کرتے رہے ۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے اسپیکر کو دو مرتبہ ایوان کی کارروائی کو ملتوی کرنا پڑا ۔
