لکھنؤ 25فروری(سیاست ڈاٹ کام ) سماج وادی پارٹی (ایس پی) اور بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی)نے اترپردیش کے بعد اب مدھیہ پردیش اور اتراکھنڈ میں بھی لوک سبھا انتخابات ایک ساتھ مل کر لڑنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ایس پی سربراہ اکھلیش یادو اور بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے اس ضمن میں پیر کومشترکہ پریس ریلیز جاری کی ہے ۔ جس کے مطابق مدھیہ پردیش میں بالا گھاٹ، ٹیکم گڑھ اور کھجراہو پارلیمانی حلقوں سے ایس پی اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی جبکہ دیگر سیٹوں پر بی ایس پی اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی۔ مدھیہ پردیش میں لوک سبھا کی کل 29 سیٹیں ہیں۔اسی طرح اتاراکھنڈ کے کل پانچ پارلیمانی حلقوں میں سے ایس پی سیٹ گڑھول(پوڑی) سے اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی ۔ جبکہ دیگر پر بی ایس پی کے امیدوارقسمت آزمائیں گے ۔اس سے قبل دونوں پارٹیوں نے اترپردیش میں لوک سبھا الیکشن ایک ساتھ مل کر لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔