مدھیہ پردیش بدعنوانی اور مالی بدانتظامی کی وجہ سے پیچھے رہ گیا : کمل ناتھ

   

بھوپال۔ 21 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے مدھیہ پردیش میں بی جے پی حکومت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست بدعنوانی اور اقتصادی بدحالی کی طرف بڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے ایک بیان میں بتایا کہ ریاستی حکومت نہ تو اپنے وسائل سے آمدنی کا انتظام کر پا رہی ہے اور نہ ہی وہ مرکزی حکومت سے وہ رقم حاصل کر پا رہی ہے جو ریاست کو موجودہ مالی سال میں مختص کی گئی ہے ۔ کمل ناتھ نے کہا کہ مرکزی حکومت نے مدھیہ پردیش کو موجودہ مالی سال میں 44,000 کروڑ روپے دینے تھے ، لیکن اب تک صرف 8,000 کروڑ روپے ہی ملے ہیں، جو مقررہ رقم کا تقریباً 18 فیصد ہے ۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ جَل جیون مشن کے تحت ریاست کو ملنی والی 8,500 کروڑ روپے کی رقم بدعنوانی کی وجہ سے ابھی تک ایک روپیہ بھی نہیں ملی۔ سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ پردھان منتری آواس یوجنا اور منریگا جیسی غریب اور پسماندہ طبقات سے متعلق اسکیموں میں بھی ریاست کو منظور شدہ رقم کے مقابلے میں بہت کم پیسہ ملا ہے ۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے اپیل کی کہ مالی بدانتظامی پر قابو پایا جائے ، بدعنوانی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور عوامی فلاح و بہبود کی اسکیموں کے لیے مقرر رقم بروقت فراہم کی جائے ۔
کمل ناتھ نے ایک ٹویٹ میں یہ بھی کہا کہ بدعنوانی کی وجہ سے ریاست کی شبیہ اتنی خراب ہو گئی ہے کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت، مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت پر اعتماد نہیں کر پا رہی۔