دوسری فہرست حیران کن ، تین مرکزی وزراء سمیت 7 ایم پی اسمبلی انتخابی میدان میں
بھوپال: مدھیہ پردیش میں گزشتہ دو دہائیوں سے حکومت کرنے والی بی جے پی کی آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل امیدواروں کی دوسری فہرست میں کئی ناموں نے سب کو حیران کر دیا ہے ۔پارٹی نے اپنے 39 امیدواروں کی دوسری فہرست میں تین مرکزی وزیروں سمیت سات ایم پیز کواسمبلی انتخابات کیلئے میدان میں اتار کر اپنا موقف واضح کر دیا ہے ۔کل دیر رات جاری کی گئی بی جے پی کی دوسری فہرست میں سب سے حیران کن نام مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر کا ہے ، جنہیں پارٹی نے مورینا ضلع کی دیمنی اسمبلی سیٹ سے میدان میں اتارا ہے ۔ مورینا پارلیمانی حلقہ سے رکن لوک سبھا تومر اس وقت ریاستی الیکشن مینجمنٹ کمیٹی کے کنوینر بھی ہیں۔اسی طرح مرکزی وزیر فگن سنگھ کلستے کو انہیں کے پارلیمانی حلقہ منڈلا کی اسمبلی حلقہ (ایس ٹی) سے امیدوار بنایا گیا ہے ۔ مرکزی وزیر پرہلاد پٹیل کو فی الحال ان کے پارلیمانی حلقہ دموہ کے علاوہ نرسنگ پور اسمبلی سے الیکشن لڑنے کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔بی جے پی کی اس فہرست میں ستنا کے ایم پی گنیش سنگھ، سیدھی ایم پی ریتی پاٹھک، جبل پور کے ایم پی راکیش سنگھ اور ہوشنگ آباد کے ایم پی راؤ ادے پرتاپ سنگھ کے نام بھی ہیں۔ پارٹی نے انہیں بالترتیب ستنا، سیدھی، جبل پور (مغربی) اور گاڈرواڑا سے امیدوار قرار دیا ہے ۔مرکزی وزیر پرہلاد پٹیل اور ایم پی گنیش سنگھ، ریتی پاٹھک اور راکیش سنگھ پہلی بار اسمبلی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ تومر ریاست میں سابق وزیر رہ چکے ہیں۔ وہیں کلستے اس سے پہلے بھی اسمبلی انتخابی میدان میں رہ چکے ہیں۔ راؤ ادے پرتاپ سنگھ اس سے پہلے کانگریس میں رہتے ہوئے بھی ایم پی تھے ۔ وہ پہلی بار بی جے پی سے اسمبلی الیکشن لڑ رہے ہیں۔فہرست میں اس کے علاوہ ایک اور نام جس پر سب کی نظریں جم گئی ہیں، وہ پارٹی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ کا ہے ۔ وجے ورگیہ کو پارٹی نے اندورایک اسمبلی حلقہ سے اپنا امیدوار قرار دیا ہے ۔ اس سے پہلے وہ ریاستی حکومت میں وزیرہونے کے ساتھ اندوردو اور مہو اسمبلی سے پارٹی کے ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔پارٹی نے کچھ عرصہ پہلے کافی بدنام ہوئے سیدھی آدیواسی واقعہ پر کے حوالے سے بھی سخت رویہ اختیار کرتے ہوئے اس سیٹ سے موجودہ ایم ایل اے کیدارشکلا کا ٹکٹ کاٹ دیا ہے ۔ اس سیٹ سے پارٹی نے ایم پی ریتی پاٹھک کو ٹکٹ دیا ہے۔ فہرست کے مطابق شیوپور سے درگالال وجے ، مورینا سے رگھوراج کنسانا، لاہر سے امریش شرما گڈو، بھتروار سے موہن سنگھ راٹھور، ڈبرا (ایس سی) سے امرتی دیوی، سیودھا سے پردیپ اگروال، کریرا (ایس سی) سے رمیش کھٹک، راگھو گڑھ سے ہیریندر سنگھ بنٹی بنا، دیوری سے برج بہاری پٹیریا اور راج نگر سے اروند پٹیریا کو امیدواربنایا گیا ہے۔