مدھیہ پردیش :بی جے پی لیڈر نے قبائلی نوجوان پر پیشاب کردیا

   

بھوپال: مدھیہ پردیش کے سدھی ضلع میں شراب کے نشے دھت بی جے پی کے ایک کارکن نے دماغی طور پر معذور قبائلی نوجوان پر پیشاب کر دیا۔ اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ یہ ویڈیو 9 دن پرانی بتائی جا رہی ہے جو کہ کبریٰ بازار کی ہے۔ ملزم پرویش شکلا کبریٰ کا رہنے والا ہے۔ وہ سدھی ضلع سے بی جے پی رکن اسمبلی پنڈت کیدارناتھ شکلاکے نمائندے رہے ہیں۔سدھی کے ایس پی رویندر ورما نے ٹویٹ کر کے بتایا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ویڈیو کی تحقیقات کے بعد ملزم پرویش شکلا کے این ایس اے کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس نے اس کے والد، ماں اور بیوی کو تھانے بلایا اور پوچھ گچھ کی۔ افرادنے اس واقعہ کے بارے میں کوئی علم ہونے سے انکار کیا ہے۔ انجو لتا پاٹلی اے ایس پی، سدھی مدھیہ پردیش نے کہاکہ ملزم مسلسل اپنا مقام تبدیل کر رہا تھا کیونکہ اسے معلوم تھا کہ پولیس اسے تلاش کر رہی ہے۔اس کی گرفتاری کے لیے پولیس کی متعدد ٹیمیں تعینات کی گئی تھیں۔ ہم نے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے۔ وہ زیر تفتیش ہے۔ اس معاملے میں مزید قانونی کارروائی جلد ہی کی جائے گی۔ چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ ملزم کو کسی بھی قیمت پر بخشا نہیں جائے گا۔ اس کے خلاف سخت ایکشن لیں گے۔ ملزم پر این ایس اے (نیشنل سیکورٹی ایکٹ) بھی لگایا جائے گا۔