مدھیہ پردیش حکومت کورونا وائرس سے پریشان

,

   

بھوپال /12 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام) شیوراج سنگھ چوہان کی مدھیہ پردیش حکومت کورونا وائرس سے مشکل حالات کا شکار ہوگئی ہے ۔ اندور میں دو ڈاکٹروں کی اس وائرس سے موت ہوگئی اور ریاست میں تاحال 36 افراد فوت ہوچکے ہیں ۔ ریاست میں مہلک وائرس سے مرنے والوں کی شرح 7.9 فیصد ہے جبکہ ملک میں یہ شرح 3.04 فیصد ہے ۔ ریاست کے محکمہ صحت کے تقریباً 47 عہدیدار بشمول پرنسپال سکریٹری اس وائرس سے مثبت پائے گئے ہیں جبکہ ان عہدیداروں کے رابطہ میں آئے مختلف افراد کو گھروں پر کورنٹائن کردیا گیا ہے ۔ بھوپال میں وزراء اور دفتر شاہی کے رہائشی علاقوں میں کانگریس حکومت کے زوال کے بعد کھلے عام خوشیاں منائی گئی اور سماجی دوری کی ہدایت کو یکسر نظر انداز کردیا گیا تھا ۔ بی جے پی حکومت نے 23 مارچ کو شیوراج سنگھ چوہان کی قیادت میں حلف لیا لیکن کوئی دوسرا وزیر تاحال حلف نہیں لے سکا ہے ۔ اعلی عہدیداروں کی تبدیلی کی جارہی ہے ۔ گذشتہ ایک ماہ میں چیف سکریٹری کی دو مرتبہ تبدیلی عمل میں آچکی ہے جبکہ کئی سینئیر عہدیداروں کے تبادلے کئے گئے ۔ ایک اپریل کو ہیلت کمشنر پرتیک ہجیلا کا تبادلہ کردیا گیا ۔ اسی طرح بھوپال کے چیف میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر کو بھی ہٹادیا گیا ۔ اعلی عہدیداروں کی غیر موجودگی میں کوروناوائرس کی وباء سے نمٹنے سے متعلق سوال پر ریاستی حکومت کے ترجمان پی نرہری نے جواب دینے کیلئے ایک دن کا وقت مانگا ہے ۔ دوسری طرف کانگریس نے کورونا سے نمٹنے میں حکومت کی ناکامی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔