مدھیہ پردیش سیلاب متاثرین کا سروے اور معاوضہ کا وزیر اعلی شیوراج سنگھ نے کیا اعلان

   

بھوپال: مدھیہ پردیش کے مالوہ اور نماڑ میں تین دن سے جاری شدید بارش کا زور تھم تو گیا ہے لیکن سیلاب متاثرین کی مشکلات برقرار ہیں۔ ڈیم کا پانی چھوڑنے سے جہاں نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے وہیں اجین کے نشیبی علاقے میں پھنسے تین لوگوں کو ایئر لفٹ کے ذریعہ باہر نکالا گیا تو کھرگون کے گاؤں والوں نے حکومت اور انتظامیہ کی عدم توجہی سے ناراض ہوکر کھل گھاٹ نیشنل ہائی وے کو جام کر دیا ۔ اسی بیچ وزیر اعلی شیوراج سنگھ نے سیلاب متاثرین کو لیکر افسران کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ جہاں حالات کا جائزہ لیا وہیں انہوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں کاسروے کئے جانے اور معاوضہ کا بھی اعلان کیا ہے۔وزیر اعلی شیوراج سنگھ نے صحافیوں سے سیلاب کی صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مہا کال جی کی کرپا سے اچھی بارش ہوئی ہے لیکن کچھ مقامات پر سیلاب کی صورتحال سے پریشانیاں بھی پیدا ہوئیں ہیں۔ ایسے میں کسی کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر کہیں کسی کو نقصان ہوا ہے تو اس کا سروے کیا جائے گا اور نقصان کا معقول معاوضہ دیا جائے گا۔