کثیر تعداد میں عوام کی شرکت سے دیگر جماعتوں میں تشویش
بھوپال: مدھیہ پردیش میں کورونا بحران کے بیچ 28 اسمبلی حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لئے انتخابی مہم آج شام بجے ختم ہو گئی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ انتخابی مہم ختم ہونے کے بعد امیدوار گھرگھر جاکر لوگوں سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ ریاست کے تمام 28 اسمبلی حلقوں میں 3 نومبر کو ووٹنگ صبح 7 بجے شروع ہوکر شام 6 بجے تک جاری رہے گی اور ووٹوں کی گنتی 10 نومبر کو ہوگی۔ ان تمام علاقوں میں 12 وزراء سمیت 355 امیدواروں کی قسمت داؤ پر لگی ہے۔اس بیچ ریاست میں حکمراں بی جے پی اور اہم اپوزیشن کانگریس انتخابی مہم کے آخری دن آج پوری طاقت سے انتخابی مہم میں مصروف رہے۔ وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، سینئر رہنما جیوتیرادتیہ سندھیا اور دیگر بی جے پی رہنما پارٹی امیدواروں کے حق میں آخری دن انتہائی مصروف دیکھے گئے ۔سابق وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے بھی آخری دن ضلع مورینا میں کانگریس کے حق میں انتخابی مہم چلائی اور روڈ شو کیا۔کمل ناتھ نے مرینا حلقہ اسمبلی سے کانگریس کے امیدوار راکیش ماوئی کے حق میں روڈ شو کیا۔ روڈ شو کے دوران کمل ناتھ کا قافلہ شہر کے مختلف راستوں سے گزرتا ہوا جیواجی گنج واقع اگرسین پارک پہنچا اور وہاں اگرسین کے مجسمے پر کمل ناتھ نے پھول مالا چڑھائی ۔ ان کے ساتھ روڈ شو میں کانگریس کے اسٹار تشہیر کار اچاریہ پرمود کرشنن، ریاستی کانگریس کے ایگزیکٹو چیئرمین رام نیواس راوت اور کانگریس کے امیدوار راکیش ماوئی اور بڑی تعداد میں کانگریس کارکنان موجود تھے۔روڈ شو کے اختتام کے بعد سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگلے 48 گھنٹوں میں سچ اور جھوٹ کا فیصلہ ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چنبل کے لوگوں کا خون گرم ہے، بغاوت کر سکتے ہیں لیکن غداری نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے ووٹر تین نومبر کو مدھیہ پردیش کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔
