جے پور ۔ 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوٹ نے چہارشنبہ کو بی جے پی پر بے شرمی کے ساتھ ایم ایل ایز کی خریدوفروخت کی ’’گھناؤنی‘‘ حرکت کرنے کا الزام عائد کیا جس سے یہ ظاہر ہوگیا ہیکہ مدھیہ پردیش میں بھی پیسہ کی طاقت کا استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر اس وقت جن لوگوں کی حکومت ہے وہ جمہوریت کا ہر روز قتل کررہے ہیں جس کیلئے پورا ملک انہیں سبق سکھائے گا۔ کانگریس ایم ایل ایز کا خیرمقدم کرنے آئے گہلوٹ نے ایرپورٹ پر موجود اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ کانگریس نے اپنے تمام ایم ایل ایز کو جے پور منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان کی صفوں میں اتحاد برقرار رہے کیونکہ اس وقت مدھیہ پردیش میں اقتدار کی زبردست رسہ کشی دیکھی جارہی ہے۔
