مدھیہ پردیش میں بارہویں بورڈ کے امتحانات نہیں ہوں گے :شیوراج

   

بھوپال: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج کہا کہ اس سال کورونا بحران کی وجہ سے اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (ایم پی بورڈ) کے بارہویں کلاس کے امتحانات نہیں ہوں گے ۔ ایک پیغام کے ذریعے اس کا اعلان کرتے ہوئے چوہان نے کہا کہ کورونا بحران کے دوران بچوں کی زندگیاں ہمارے لئے قیمتی ہیں۔ ہم بعد میں کریئر کی فکر کریں گے ۔ اس وقت بچوں سمیت پوری ریاست کورونا بحران کا شکار ہے ۔ ایسے حالات میں امتحانات کا ذہنی بوجھ بچوں پر ڈالنا قطعاً جائز نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزراء کا ایک گروپ تشکیل دیا گیا ہے جس میں یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ 12 ویں بورڈ کے نتائج کیسے آئیں گے ۔ ماہرین سے گفتگو کے بعد یہ گروپ نتائج کے طریق کار کا فیصلہ کرے گا۔چوہان نے بتایا کہ ہم پہلے ہی دسویں (بورڈ) امتحان نہ لینے کا فیصلہ لے چکے ہیں۔ ان کا نتیجہ داخلی بنیاد پر جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ چوہان نے یہ بھی کہا کہ اگر بارہویں جماعت کا کوئی بھی طالب علم بہتر نتائج لانے کے لئے امتحان میں حاضر ہونا چاہتا ہے تو اس کے لئے آپشن کھلا ہوگا۔ کورونا بحران کے خاتمے کے بعد وہ بارہویں کا امتحان دے سکے گا۔