مدھیہ پردیش میں تین اراکین اسمبلی بی جے پی میں شامل

   

بھوپال: مدھیہ پردیش میں بلدیاتی انتخابات کے درمیان بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے رکن اسمبلی سنجیو سنگھ کشواہا (بھنڈ)، سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے رکن اسمبلی راجیش شکلا اور آزاد رکن اسمبلی رانا وکرم سنگھ نے آج یہاں سینئر لیڈروں کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیارکی ۔ ریاستی بی جے پی کے دفتر میں تینوں اراکین اسمبلی نے ریاستی تنظیم کے انچارج پی مرلی دھر راؤ، وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان، ریاستی صدر وشنودت شرما اور دیگر رہنماؤں کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔تینوں اراکین نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ پارٹی کی پالیسی پر عمل کریں گے ۔ انہوں نے بی جے پی کی رکنیت لینے پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ چوہان نے کہا کہ ریاستی صدر شرما کی قیادت میں پارٹی کو ریاست میں وسعت ملی ہے ۔ پارٹی سماج کے تمام طبقات تک جا رہی ہے ۔ یہ انتہائی اطمینان کی بات ہے کہ آج تین ساتھی بی جے پی سے وابستہ ہوئے ہیں ۔ یہ ساتھی بنیادی طور پر بی جے پی کے نظریے کے قریب تھے اور پارٹی کے ساتھ کام کرنا چاہتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ یہ تینوں اراکین راجیہ سبھا انتخابات سمیت مختلف مواقع پر مسلسل پارٹی کے ساتھ تھے ۔