بھوپال،24ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے مشہور ہنی ٹراپ معاملے کی تحقیقات کے لئے تشکیل دی گئی خصوصی تحقیقاتی ٹیم( ایس آئی ٹی )ایک دودن میں باضابطہ طورپر شروع کردے گی۔ریاستی پولیس ہیڈکوارٹرز کے ذرائع کے مطابق اس پورے معاملے کی تحقیق کے لئے پیر کو پولیس ڈائریکٹر جنرل وجے کمار سنگھ نے کرائم انویسٹیگیشن ڈپارٹمنٹ(سی آئی ڈی)کے پولیس انسپیکٹر جنرل ڈی شری نیواس کی صدارت میں ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے ۔مسٹر سنگھ نے اس واقعہ کے ہر ایک پہلو کی باریکی سے تحقیق کرکے رپورٹ پیش کرنے کے لئے کہا ہے ۔ذرائع کے مطابق سال 1997 بیچ کے سینئر آئی پی ایس افسر مسٹر ورما کی صدارت میں تشکیل ایس آئی ٹی میں تقریباً ایک درجن رکن ہیں،جس میں پولیس سپرنٹنڈنٹ اور اڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ سطح کے افسر بھی شامل ہیں۔ایس آئی ٹی کی پہلی میٹنگ ایک دو دن میں ہوگی اور اس میں طئے شدہ حکمت عملی کی بنیاد پر معاملے کی باضابطہ جانچ شروع کی جائے گی۔اندور کی پلاسیا تھانہ پولیس نے میونسیپل کارپوریشن کے ایک افسر ہربھجن سنگھ کو قابل اعتراض ویڈیو کے ذریعہ بلیک میل کرنے کے معاملے میں ایف آئی آر درج کی ہے۔اس معاملے میں بھوپال سے تین خواتین کے علاوہ اندور سے دو خواتین اور ایک شخص کو گرفتار کیاگیا ہے۔