مدھیہ پردیش میں دلت نوجوان کے منہ میں غلاظت ڈال دی گئی

,

   

نئی دہلی : مدھیہ پردیش میں انسانیت کو شرمسار کردینے والا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے ۔ شیوپوری ضلع کے نرورتھانہ حلقہ کے ورکھاڑی گاؤں کے ایک دلت نوجوان اور اس کے ساتھی کو مارپیٹ کر غلاظت کھانے کیلئے مجبور کیا گیا ۔ پولیس نے اس معاملے میں 6 لوگوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں ورکھاڑی گاؤں میں کچھ لوگوں نے ارجن جانو اور سنتوش کیوٹ نام کے دو نوجوانوں کو لڑکیوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے الزام میں پکڑ لیا تھا اور مقامی لوگوں نے ان کے ساتھ مارپیٹ کی ۔ پھر دونوں نوجوانوں کے گلے میں چپلوں کی مالا ڈال دی اس کے بعد ان دونوں کے منہ میں غلاظت ڈال دی گئی اور ان کا جلوس نکالتے ہوئے انہیں پولیس کے حوالہ کردیا گیا ۔ واضح رہے کہ حال ہی میں ایک شخص پر پیشاب کردینے کا واقعہ ابھی تازہ ہی تھا کہ اس طرح کی غیرانسانی حرکت کا دوسرا واقعہ اسی ریاست میں پیش آیا ۔