اندور: مدھیہ پردیش کے ضلع دھار کے ٹانڈا تھانہ علاقے میں لڑکی کے ساتھ وحشیانہ طریقے سے کئی نوجوانوں کے ذریعہ عوامی مقام پر مار پیٹ اور جارحانہ انداز میں سزا دینے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اس شرمناک معاملے نے طول پکڑلیا ہے۔ اندور ڈویژن کے تحت ضلع دھار کے پیپلوا گاؤں کی یہ ویڈیو بتائی گئی ہے۔ تقریباً 43 سیکنڈ کے ویڈیو میں تین چار نوجوان ایک لڑکی کو بال پکڑ کر گھسیٹتے ہوئے، لات، گھونسوں اور لاٹھیوں سے مارتے ہوئے دیکھے جارہے ہیں۔ اس شرمناک واقعہ کے ویڈیو میں رحم کی بھیک مانگ رہی اس لڑکی کو بچانے کوئی نہیں آیا، جبکہ درجنوں نوجوان آس پاس کھڑے دکھائی دیتے ہیں اورتواور کچھ دوسرے لوگ اس کا ویڈیو بناتے رہے۔ نوجوان زمین پر گرگئی لڑکی کے ساتھ بھی وحشیانہ سلوک کرتے رہے۔اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد آج پولیس انتظامیہ بھی سرگرم دکھائی دی اور وضاحت دینا شروع کردی۔ ٹانڈلہ پولیس اسٹیشن کے انچارج وجئے واسکلے نے بتایا کہ یہ واقعہ 22 جون کو پیش آیا تھا اور اس کاشکار دولڑکیاں ہوئیں۔ انہوں نے ازخود اس کانوٹس لیا تھا اور 25 جون کو پولیس گاؤں بھی گئی اور اس واقعہ کی شکاردونوں خوفزدہ اورسہمی لڑکیوں کو تھانے لایا گیا اور ان سے تفتیش کی بنیاد پر ایک خاتون سمیت سات افراد کو ملزم بنایا گیا۔ تمام ملزم اہل خانہ اوررشتے دار بتائے گئے ہیں۔ تمام کے خلاف مارپیٹ اوردیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ چونکہ یہ دفعات قابل ضمانت تھیں لہذا سب کو ضمانت بھی دے دی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں لڑکیاں فون پر کچھ لڑکوں سے بات کرتی تھیں، اس لئے ان کے اہل خانہ اوررشتہ داروں نے لڑکیوں کے ساتھ اس طرح کا سلوک کرکے واقعہ کو انجام دیا۔ اس شرمناک واقعہ سے متعلق ویڈیوز کل سے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے اور اس نے ایک بار پھرطول پکڑ لیا۔اس کے علاوہ حال ہی میں ریاست کے مغربی حصے کے ایک اور قبائلی اکثریتی علاقے علیراج پور ضلع کے بوری تھانہ علاقے میں بھی ایسا ہی واقعہ سامنے آیا تھا۔