مدھیہ پردیش نے 71 سال بعد جیتی اپنی پہلی رانجی ٹرافی

   

فائنل میں 108 کے ٹارگٹ پر 6 وکٹ سے کامیابی ۔ ممبئی کیلئے شمس 17، ارمان جعفر 37 اور سرفراز 45 رنز بنا سکے

بنگلورو: برطانوی حکومت کے دور کے دوران 1934ء میں شروع ہوئی رانجی ٹرافی میں مدھیہ پردیش کا قیام 1950-51 اجلاس میں ہوا تھا اور ایم پی نے اتوار کو 2021-22 اجلاس کے فائنل مقابلے میں ممبئی کو چھ وکٹ سے ہراکر 71سال بعد اپنا پہلا رانجی خطاب جیت لیا۔ مدھیہ پردیش نے بنگلورو کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں ہمانشو منتری (37)اور شبھم شرما (30)کی بدولت 108 رنز کے ٹارگٹ کو حاصل کرکے تاریخ رقم کی۔آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز کے لئے کھیلنے والے کانسے پاٹی دار نے ’’پاٹی دار نے بھی ‘آر سی بی ،آر سی بی‘‘ کے نعروں کی گونج میں بیش قیمت 30 رنز جوڑے۔ پاٹی دار نے ہی آخری رنز بناتے ہوئے مدھیہ پردیش کو اس کا پہلا رانجی ٹائٹل جتایا۔ صبح میں ممبئی نے پانچویں و آخری دن 113/2 سے آگے کھیلتے ہوئے تیز رنز بنائے ۔ ارمان جعفر (40گیندوں پر 37 رنز) کے آؤٹ ہونے کے بعد کریز پر موجود سوید پارکر اور سرفراز خان ردھم میں نظر آرہے تھے ، لیکن کمار کارتیکیا نے پارکر کو آؤٹ کرکے مدھیہ پردیش کیلئے کامیابی کے دروازے کھول دیئے ۔ پارکر نے 58 گیندوں میں تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 رنز بنائے ۔ ممبئی کے شمس ملانی (17) اور تشار دیشپانڈے (7)بھی رنز آؤٹ ہوئے جس سے مدھیہ پردیش کا کام آسان ہوگیا۔ 232رنز پر چھ وکٹیں گنوانے کے بعد ممبئی کی آخری امید سرفراز تھے لیکن وہ بھی دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 45 رنز ہی بنا سکے ۔ ممبئی نے اپنے آخری 7 وکٹ 77 رنز میں گنوا دیئے اور ٹیم 269 پر سمٹ گئی۔ پہلی اننگز میں 162رنز کی برتری پر ایم پی کو 108 کا ہدف ملا ، جو اس نے چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
اوپنر یش دوبے صرف ایک رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے اور ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ میچ دلچسپ ہو سکتا ہے لیکن ہمانشو اور شبھم نے دباؤ میں تحمل کا مظاہرہ کیا اور 52 رنز کی شراکت قائم کی۔ ہمانشو کے 54 رنز پر آؤٹ ہونے تک ایم پی آدھے راستے پر تھے ۔ چوتھے نمبر پر آنے والے پارتھا ساہنی صرف پانچ رنز بنا سکے لیکن شبھم نے ٹیم پر دباؤ نہیں بننے دیا اور پاٹیدار کے ساتھ 45 رنز کی شراکت داری کرکے اپنی ٹیم کی پہلی رنجی ٹرافی کو یقینی بنایا۔ پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے شبھم نے دوسری اننگز میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 30 رنز بنائے ۔ 101رن کے اسکور پر شبھم بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے جس کے بعد پاٹیدار نے ٹیم کو ہدف تک پہنچا دیا۔

۔