نئی دہلی ۔15ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) قومی بحران انتظامیہ کمیٹی ( این سی ایم سی ) نے کابینی معتمد راجیو گوبے کی زیرصدارت اتوار کے دن شمالی ہند کی ریاستوں مدھیہ پردیش اور راجستھان میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا اور فوری امداد کے احکام جاری کئے ۔ این سی ایم سی سے کہا گیا ہے کہ مخدوش افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے اور کوئی انسانی جان ضائع ہونے کی اطلاع نہیں ملی ۔ قومی آفات سماوی ردعمل فورس اور فوج نے وزارت کے بیان میں جسے منظوری دے دی گئی ہے کہا کہ بچاؤ کاموں میں مزید افراد کو شامل کرنے کی ضرورت ہے ۔ لکھنو سے موصولہ اطلاع کے بموجب یو پی کی چھوٹی دریاؤں میں طغیانی آگئی ہے ۔ پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر پہنچ گئی ہے اور کئی دریائیں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں ۔ مختلف تالابوں سے فاضل پانی کا اخراج عمل میں آیا ہے جس کی وجہ سے نشیبی علاقے جو خطرے کے نشان سے قریب واقع تھے زیرآب آگئے ہیں ۔