اپنی ریاست میں شروع کرنے کا فیصلہ، حکام سے ملاقات
حیدرآباد۔ 8 جولائی (سیاست نیوز) مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی کلکٹرس کی ٹیم نے آج پرجا بھون پہنچ کر چیف منسٹر کے پرجاوانی پروگرام کا مشاہدہ کیا۔ عہدیداروں نے پرجاوانی پروگرام کے ذریعہ عوامی مسائل کی یکسوئی کی ستائش کی اور مدھیہ پردیش میں اسی نظام کو متعارف کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ ڈپٹی کلکٹرس نے پرجاوانی کے انچارج اور نائب صدر نشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ ڈاکٹر جی چنا ریڈی اور اسٹیٹ نوڈل آفیسر دیویا دیواراجن سے ملاقات کی اور تفصیلات حاصل کیں۔ عہدیداروں کو بتایا گیا کہ پرجا وانی میں عوامی مسائل کی سماعت کے علاوہ ان کی درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ درخواستوں کو متعلقہ محکمہ جات سے رجوع کرتے ہوئے یکسوئی کی ہدایت دی جاتی ہے۔ پرواسی پرجاوانی کے تحت بیرونی ممالک میں مقیم تلنگانہ کے باشندوں کے مسائل کی سماعت کی جاتی ہے۔ ڈاکٹر جی چنا ریڈی نے بتایا کہ تمام درخواستوں کو اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے اور مسائل کی یکسوئی کے بعد انہیں دوبارہ کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ میں شامل کیا جاتا ہے۔ مدھیہ پردیش کے ڈپٹی کلکٹرس نے کہا کہ وہ پرجاوانی پروگرام کے لئے اعلیٰ عہدیداروں سے سفارش کریں گے۔ انہوں نے اس پروگرام کی مکمل تفصیلات حاصل کیں۔ مدھیہ پردیش کے ڈپٹی کلکٹرس تلنگانہ میں سرکاری محکمہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے دورہ پر ہیں۔ 1