مدھیہ پردیش کانگریس نے سپریم کورٹ کے فیصلے پرجشن منایا، انتخابات کیلئے نیا جوش

   

بھوپال: مدھیہ پردیش میں انتخابی مہم چلانے والے کانگریس کارکنوں نے اے آئی سی سی کے سابق صدر راہول گاندھی کے خلاف ہتک عزت کے مقدمے کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی ستائش کی۔ مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی (ایم پی سی سی) کے عہدیداروں نے پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں کے ساتھ بھوپال کے روشن پورہ چوک میں جشن منایا، عدالت کے فیصلے کو انصاف قرار دیا۔سابق چیف منسٹر اور ریاستی کانگریس صدرکمل ناتھ نے سپریم کورٹ کی طرف سے راہول گاندھی کو راحت ملنے کے فوراً بعد اپنی خوشی کا اظہار کیا۔کمل ناتھ جنہیں نہرو۔گاندھی خاندان کا قریبی فرد سمجھا جاتا ہے، انہوں نے راہول گاندھی کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں عوام کا پسندیدہ اورکانگریس کا قابل احترام لیڈر قراردیا۔ ملک میں جمہوریت کی آواز کو مبارک ہو ۔ راہول گاندھی، عوام کے پسندیدہ اورکانگریس کے قابل احترام لیڈر سپریم کورٹ سے راحت حاصل کرنے پر۔اس فیصلے سے عدلیہ کے تئیں ملک کے عوام کا احترام اور اعتماد دونوں بڑھے گا۔ مجھے یقین ہے کہ آخری فیصلہ بھی راہول گاندھی کے حق میں آئے گا اور ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی۔ ستیہ میوا جیتے، سابق چیف منسٹر نے ٹویٹ کیا۔