بھوپال: کانگریس پارٹی نے آج مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات کیلئے اپنے 144 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی ہے۔ اس فہرست میں پردیش کانگریس صدر و سابق چیف منسٹر کمل ناتھ کا نام بھی شامل ہے جنہیں پارٹی میں چھندواڑہ سے امیدوار بنایا ہے۔ پارٹی کی جانب سے جن ناموں کو منظوری دی گئی ان میں قابل ذکر نام سابق وزیر جیتو پٹواری، جئے وردھن سنگھ، وجئے لکشمی سادھو اور لکشمن سنگھ بھی شامل ہیں۔ سابق چیف منسٹر ڈگ وجئے سنگھ کے فرزند جئے وردن سنگھ کو راگھی گھاٹ حلقہ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ واضح رہیکہ دارالحکومت دہلی میں کانگریس کی سنٹرل الیکشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں امیدواروں کے انتخاب پر غوروخوض کیا گیا تھا۔ مدھیہ پردیش میں راجستھان، تلنگانہ، چھتیس گڑھ اور میزورم کے ساتھ اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ ریاست میں برسراقتدار بی جے پی نے بھی اب تک 230 رکنی اسمبلی کیلئے اپنے 136 امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔ چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان اپنے روایتی حلقہ بدھنی سے مقابلہ کریں گے۔ کانگریس نے ان کے خلاف ایک نوجوان امیدوار کو میدان میں اتارا ہے جو رضاکار ہیں اور مذہبی سیریئل میں کام کرچکے ہیں۔ کانگریس پارٹی ریاست میں اقتدار حاصل کرنے زبردست مہم چلارہی ہے۔ کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی، جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی مسلسل ریاست کے دورے کرتے ہوئے کانگریس کی انتخابی مہم چلارہے ہیں۔ کئی اداروں کے انتخابی سروے میں ریاست میں کانگریس کی اقتدار پر شاندار واپسی کے دعوے بھی کئے جارہے ہیں۔
