مدھیہ پردیش کا ہائی وے نیٹ ورک دو برس میں امریکہ سے بہتر ہوگا: گڈکری

   

ریاست کو ہزاروں کروڑ روپئے کے سڑک پروجیکٹوں کی سوغات، چیف منسٹر موہن یادو کی کارکردگی کی ستائش

بدناور (دھار): شاہراہ اور سڑک ٹرانسپورٹ کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے آج مدھیہ پردیش کو ہزاروں کروڑ روپے کے سڑک پروجیکٹوں کی سوغات دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اگلے دو برسوں میں ریاست کا قومی شاہراہوں کا نیٹ ورک امریکہ سے زیادہ بہتر ہو جائے گا۔ گڈکری ضلع دھار میں بدناور کے کھیڑا گاؤں میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس دوران ریاست کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو، مرکزی وزیر ساوتری ٹھاکر، ریاستی حکومت کے وزراء کیلاش وجے ورگیہ، راکیش سنگھ اور دیگر عوامی نمائندے بھی موجود تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گڈکری نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے چار چیزیں اہم ہیں، پانی، توانائی، ٹرانسپورٹ خدمات اور مواصلات۔ ان سے روزگار میں اضافہ ہوتا ہے ۔ ڈاکٹر موہن یادو کے پاس مدھیہ پردیش کو خوشحال بنانے کا مشن ہے ۔ اس کے ساتھ ریاست کی کئی سڑکوں کے پروجیکٹوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ریاست کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ اگلے دو برسوں میں مدھیہ پردیش کا قومی شاہراہ کا روڈ نیٹ ورک امریکہ سے زیادہ بہتر ہوگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ جو بھی اعلانات کرتے ہیں وہ ہوا میں نہیں ہوتے ۔ بلکہ وہ جو کہیں گے ، اسے پورا کریں گے۔ گڈکری نے کہا کہ آنے والے وقت میں ’اسمارٹ ولیج‘کے تصور کو عملی جامہ پہنانا ہوگا تاکہ کسان امیر بنیں اور ہر گاؤں میں سڑکیں بنیں۔ دیہاتوں میں روزگار دستیاب ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ویسٹ بائیو ماس سے اسفالٹ بنا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے مدھیہ پردیش حکومت سے درخواست کی کہ وہ مدھیہ پردیش میں بھی اس سلسلے میں پہل کرے ۔ گڈکری نے ڈاکٹر یادو سے درخواست کی کہ وہ پانی، جنگل، زمین اور جانوروں پر مبنی ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے نئے ہندوستان کی تعمیر میں کردار ادا کریں۔ اس تناظر میں، انہوں نے متعدد سڑکوں کے منصوبوں کے بارے میں بھی بات کی، جن میں اندور تا حیدرآباد ایکسپریس ہائی وے (تقریباً 650 کلومیٹر) کا منصوبہ سب سے نمایاں ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ مارچ 2026 میں مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے اومکاریشور میں نرمدا ندی پر نئے پل کی تعمیر کے پروجیکٹ کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی – ممبئی قومی شاہراہ مدھیہ پردیش سے گزرے گی۔ اجین میں ریلوے اسٹیشن سے مہاکال مندر تک ایک روپ وے بنایا جائے گا۔ تقریب میں تقریباً 3500 کروڑ روپے کی لاگت سے 218 کلومیٹر طویل قومی شاہراہ منصوبے کا افتتاح اور 2330 کروڑ روپے کی لاگت سے 110 کلومیٹر طویل قومی شاہراہ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔