بھوپال:مدھیہ پردیش کے مرینا ضلع میں واقع ایک فیکٹری میں زہریلی گیس کے اخراج سے پانچ مزدوروں کی موت ہو گئی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق حادثہ ساکشی فوڈ پروڈکٹ نامی فیکٹری میں پیش آیا ہے۔ اس فیکٹری میں چیری بنانے کا کام کیا جاتا ہے۔ جب یہ حادثہ پیش ہوا، اس وقت فیکٹری میں کئی مزدور کام کر رہے تھے اور فوری طور پر سبھی کو فیکٹری سے باہر نکالا گیا۔حادثہ کی خبر ملنے کے بعد انتظامیہ کے عہدیدار اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔ سبھی مہلوکین کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔ حادثہ پیش آنے کے بعد فیکٹری کو خالی کرایا گیا ہے اور وہاں کسی بھی طرح کے کام کو فی الحال روک دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ فیکٹری مرینا ضلع کے جیروا علاقہ میں موجود ہے جہاں دو مزدور زہریلی گیس کی زد میں آ گئے تھے اور انھیں بچانے کی تین مزدوروں نے کوشش کی اور وہ بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ساکشی فوڈ فیکٹری میں دو مزدور 9 فیٹ گہرے ٹینک کو صاف کرنے کے لیے اترے تھے۔ ٹینک میں زہریلی گیس کا اخراج ہونے کے سبب دونوں مزدوروں کو بچانے کے لیے ایک کے بعد ایک تین دیگر مزدور اسی ٹینک میں اتر گئے۔ نتیجہ یہ ہوا کہ پانچوں زہریلی گیس کی زد میں آ گئے اور موت کی نیند سو گئے۔ پانچوں مزدوروں کی موت ٹینک کے اندر ہی ہو گئی۔ مہلوکین میں تین مزدور کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ سگے بھائی ہیں۔