بھوپال : حج 2023 کے لئے مدھیہ پردیش سے عازمین حج کے جانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ مدھیہ پردیش کے عازمین حج کیلئے مرکزی حج کمیٹی کے ذریعہ بھوپال اور اندور کو امبارکیشن پوائنٹ بنایا گیا ہے۔ اندور امبارکیشن پوائنٹ سے عازمین کی پرواز آج سے شروع ہوگئی ہے جبکہ بھوپال امبارکیشن پوائنٹ سے عازمین حج کی پہلی پرواز سات جون کو روانہ ہوگی۔ اندور امبارکیشن پوائنٹ سے عازمین حج کی پہلی پرواز میں ایک سو سینتس عازمین حج روانہ ہوئے ہیں۔ بھوپال میں جمعیت علما مدھیہ پردیش اور سد بھاؤنا منچ کے زیر اہتمام عازمین حج کا نہ صرف استقبال کیا گیا بلکہ عازمین حج سے مقامات مقدسہ پر ملک کی ہمہ جہت ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کی درخواست بھی کی گئی۔مدھیہ پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین رفعت وارثی نے عازمین حج کو حج ہاؤس سے ایرپورٹ کے لئے رخصت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے خوشی ہے کہ اللہ نے ہمیں عازمین حج کی خدمت کا موقع فراہم کیا ہے۔ وزیر اعلی شیوراج سنگھ کی قیادت میں حج کمیٹی کے ذریعہ عازمین حج کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔وہیں مدھیہ پردیش جمیعت علما کے صدر حاجی محمد ہارون نے عازمین حج کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ عازمین حج کی روانگی شروع ہوگئی ہے جو خوش آئند بات ہے، لیکن عازمین حج کے کرایہ میں جو اتنا بڑا فرق ہے وہ تکلیف پہنچانے والا ہے۔ حج کمیٹیوں نے عازمین حج کے اخراجات اور حج کرایہ کے معاملے میں دھوکہ دیا ہے اور عازمین حج کو اپنے مسائل کو لیکر عدالتوں سے رجوع کرنا پڑا۔ ہماری حکومت سے مانگ ہے کہ اس کی جانچ کی جائے۔