چیف منسٹر شیوراج سنگھ نے مبارکباد دی، نئے وزراء کیساتھ کابینہ کا پہلا اجلاس
بھوپال : مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج اپنے وزراء کو مختلف محکموں کی ذمہ داری سونپی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق چوہان نے تعلقات عامہ ،جنرل ایڈمنسٹریش، نرمدا ویلی ڈیولپمنٹ ، ایوی ایشن اور اس طرح کے دیگر محکمے اپنے پاس رکھے ہیں جو کسی دوسرے وزیر کے حوالے نہیں کئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر نروتم مشرا داخلہ ، جیل ، پارلیمانی امور اور محکمہ قانون کا قلمدان سنبھالیں گے ۔ گوپال بھارگو پبلک ورکس ، کاٹیج اینڈ ویلج انڈسٹریزدیکھیں گے ۔ تلسی رام کو سلاوٹ آبی وسائل ، فشریز ویلفیئراورفشریز ڈپارٹمنٹ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔بعدازاں مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج کابینہ کے ارکان سے کہا ہے کہ وہ ہفتے میں کم از کم ایک بار اپنے محکمہ کا ضرور جائزہ لیں۔مسٹر شیوراج چوہان نے یہ بات یہاں کابینہ کی میٹنگ میں کہی۔ انہوں نے آج صبح وزراء میں محکمے تقسیم کیے ہیں۔ اس کے بعد ہونے والی پہلی میٹنگ میں مسٹر چوہان نے کہا کہ وزیروں کو ہفتے میں ایک بار اپنے محکمہ کا جائزہ لینا چاہئے اور اس کام کے لیے پیر کا دن مقرر کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیروں کو کم سے کم چار دن اپنے علاقے کا دورہ کرنا چاہئے ۔ علاقے میں سرکاری اسکیموں کے نفاذ کو بھی دیکھا جائے اور ترقیاتی کاموں کی نگرانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزراء لوگوں سے ملتے جلتے رہیں۔ حکومت کی ترجیحات بتاتے ہوئے چوہان نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ’خود انحصار ہندوستان‘ کے عزم کے لئے ’خود انحصار مدھیہ پردیش‘ ضروری ہے ۔ اس کے لئے ہر محکمہ کیا کچھ کرسکتا ہے ، اس کا ایک روڈ میاپ تیار کیا جانا چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس سلسلے میں عوام سے تجاویز بھی طلب کی گئیں ہیں اور تقریبا 700 تجاویز حاصل ہوچکی ہیں۔ انہوں نے وزراء سے عہدیداروں اور تجربہ کار لوگوں سے اپنے محکموں سے متعلق تجاویز پر تبادلہ خیال کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ اس ماہ کے آخر تک ’خود انحصار مدھیہ پردیش‘ کے تئیں اپنے محکمے کا روڈ میپ تیار کریں۔کابینہ میٹنگ میں وزراء کے علاوہ چیف سکریٹری اقبال سنگھ اور دیگر اہلکار موجود تھے ۔ شیوراج سنگھ چوہان نے وزراء کی حلف برداری کے کئی دن بعد قلمدانوں کی تقسیم عمل میں لائی ہے کیوں کہ بی جے پی گروپ میں اِس بات کو لیکر ناراضگی پائی جارہی تھی کہ جیوتر آدتیہ سندھیا کے گروپ کے زیادہ ارکان کو کابینہ میں شامل کیا جارہا ہے۔