مدھیہ پردیش گورنر کا اسمبلی اسپیکر کو مکتو ب

   

بھوپال22مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے گورنر لال جی ٹنڈن نے اسمبلی اسپیکر این پی پرجاپتی سے توقع کی ہے کہ جب تک ان کے (مسٹر پرجاپتی کے ) خلاف مجوزہ تحریک عدم اعتماد پر ایوان میں فیصلہ نہیں لیا جاتا ہے ، اس وقت تک وہ آئین، اسمبلی دستور اور اخلاقی بنیاد پر ہر معاملے کی قانونی حیثیت کی جانچ کر کے کام کریں گے ۔ مسٹر ٹنڈن نے اسمبلی سیکرٹریٹ کے تعلق سے راج بھون کو 20 اور 21 مارچ کو موصول خطوط کے تناظر میں گزشتہ دیر رات ایک خط لکھا ہے ، جس میں اسپیکر سے یہ توقع کی گئی ہے ۔ گورنر نے انہیں موصول خطوط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ( اسپیکر کے ) خلاف تحریک عدم اعتماد اسمبلی میں زیر التوا ہے ۔ تحریک عدم اعتماد پر کارروائی مقننہ کا کام ہے ، لہذا ایوان کا اجلاس طلب ہونے پر اس پر ضرور کارروائی ہونی چاہئے ۔ اس وقت تک اسمبلی کے چیف سیکریٹری، اسپیکر کی ہدایت کے مطابق حسب معمول اپنے فرائض انجام دیں گے ۔