مدینہ شریف میں کورونا وبا کے جلد خاتمہ کا امکان

   

سعودی عرب میں کورونا متاثرین کی تعداد 2,68,934 سے تجاوز
ریاض۔سعودی عرب میں کورونا مریض بہت تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔جبکہ یومیہ کیسز کی گنتی میں بھی بہت کمی آئی ہے، خصوصاً مدینہ میں بہت کم کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد نئے کیسوں کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔ وزارتِ صحت نے سوموار کو کووِڈ-19 کے1,993 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے جبکہ 2,613 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔سعودی وزارت صحت کے مطابق کرونا وائرس کے کل کیسوں کی تعداد 2,68934 ہوگئی ہے۔ کووِڈ-19 کا شکار مزید 27 مریض وفات پا گئے ہیں اور اب کل اموات کی تعداد 2,760 ہوگئی ہے۔ مدینہ میں 62 جبکہ جدہ میں 51 کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ باقی کیس مملکت کے دوسرے شہروں اور صوبوں میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔سعودی عرب میں 20 جولائی تک کرونا وائرس کے 2,22936 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور اس وقت فعال کیسوں کی تعداد 43,238 ہوگئی ہے۔ان میں سے 2,126 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ اس طرح کووِڈ-19 کے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح 80 فی صد ہے۔وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے اتوار کو ایک بیان میں کہا تھا کہ حکومت کی شعبہ صحت کے لیے لامحدود معاونت اور امداد کی بدولت سعودی عرب اپنے تمام خطوں اور علاقوں میں تحفظ صحت کو یقینی بنا سکا ہے اور تمام ضرورت مندوں کا علاج کیا جاسکا ہے۔واضح رہے کہ جون میں ہانگ کانگ میں قائم گروپ ڈیپ نالج نے ڈیٹا کے جامع تجزیے کے بعد سعودی عرب کو کرونا وائرس کی وَبا کے خلاف جنگ میں دنیا کے محفوظ ترین بیس ممالک میں شمار کیا تھا۔وہ سترھویں نمبر پر تھا اور وہ کووِڈ-19 کے مریضوں کی صحت و سلامتی کے معاملے میں پہلے زمرے کے ممالک میں شامل تھا۔
سعودی عرب نے گذشتہ ہفتے کرونا وائرس کے نئے تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد میں استحکام کے پیش نظر اس وبا کے خطرے کی سطح کم کردی تھی۔سعودی عرب میں گذشتہ دو ہفتے کے دوران میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور اس طرح اس وائرس کے خطرے کی سطح میں کمی واقع ہوئی ہے۔