مدینہ منورہ اور ریاض تخلیقی شہروں کی فہرست میں شامل

   

جدہ۔ یکم ؍ نومبر (یو این آئی) یونیسکو نے سعودی دارالحکومت ریاض اور مدینہ منورہ کو تخلیقی شہروں کی فہرست میں شامل کرلیا ہے ۔ یونیسکو نے 31 اکتوبر 2025 کو ورلڈ سٹیز ڈے کے موقع پر اپنے تخلیقی شہروں کے عالمی نیٹ ورک (UNESCO Creative Cities Network) میں سعودی عرب کے دو شہروں، مدینہ منورہ اور ریاض کو شامل کر لیا ہے ۔ یونیسکو کی جانب سے یہ اعلان سعودی عرب کی بڑھتی ہوئی ثقافتی اور تخلیقی حیثیت کو اجاگر کرتا ہے ، سعودی عرب اب اس نیٹ ورک کے پانچ شہروں کا حامل ہے ۔ مدینہ منورہ کو روایتی پکوانوں کی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے ، جو اس کی عمدہ کھانوں کی وراثت اور ثقافتی روایات کی عکاسی کرتا ہے ، بریدہ کے بعد یہ سعودی عرب کا دوسرا شہر ہے جو اس کیٹیگری میں شامل ہوا ہے ، مدینہ کی کھانے جو اسلامی تاریخ اور مقامی اجزا پر مبنی ہے ، اسے عالمی سطح پر ایک مرکز بناتی ہے جبکہ دارالحکومت ریاض کو ڈیزائننگ کے میدان میں تخلیقی شہر کی فہرست میں شامل کیا گیا، جو اس کی جدید اور روایتی آرکیٹیکچر، شہری منصوبہ بندی، صنعتی ڈیزائن، اندرونی، پروڈکٹ اور ڈیجیٹل ڈیزائن کی صلاحیتوں کو تسلیم کرتا ہے ۔ یہ انتخاب ریاض کو ایک پائیدار ثقافتی ترقی کا ماڈل بناتا ہے ، جہاں تخلیقی صلاحیتوں کو شہری نشوونما کے لیے استعمال کیا جاتا ہے ، سعودی عرب کی آرکیٹیکچر اینڈ ڈیزائن کمیشن کی سی ای او ڈاکٹر سمیہ ال سلیمان نے اسے ایک تاریخی قدم قرار دیا ہے ۔ واضح رہے کہ یونیسکو کی تخلیقی شہروں کی فہرست میں سعودی عرب کے تین شہر الاحساء، طائف اور بریدہ پہلے ہی شامل ہیں، مدینہ منورہ اور ریاض کا اضافہ ہونے کے بعد مملکت کے شہروں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے ۔