رائچور اور گلبرگہ کے 6 عمرہ زائرین مہلوکین میںشامل
جدہ: مدینہ منورہ میں خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں ہندوستان سے تعلق رکھنے والے 6 عمرہ زائرین سمیت کل 8 افراد ہلاک اور 20 دیگر زخمی ہو گئے۔ حادثہ منگل کی رات اس وقت پیش آیا جب مدینہ منورہ لیجانے والی بس ایک ٹریلر سے ٹکرا گئی۔ یہ افسوسناک حادثہ مدینہ منورہ سے تقریباً 150 کلومیٹر دور پیش آیا۔ مہلوکین میں6کا تعلق کرناٹک کے علاقے گلبرگہ سے ہے اور وہ مکہ سے مدینہ جا رہے تھے۔جاں بحق افراد کی شناخت شافد حسین ، بے بی جان ، سراج بیگم ، شفا کے نام سے ہوئی ہے، سبھی کا تعلق رائچور ضلع سے تھا جبکہ محمد زین الدین اور ریحانہ بیگم دونوں کا تعلق گلبرگہ ضلع سے تھا۔تمام زخمیوں کو سعودی کریسنٹ، سیول ڈیفنس اور ایمرجنسی میڈیکل ایمبولینس ٹیموں نے مدینہ شہر کے ہاسپٹلس میں منتقل کیا۔ ہندوستانی قونصل خانہ کے عہدیدار بھی سوگوار خاندانوں سے رابطے میں ہیں۔ گلبرگہ ویلفیئر سوسائٹی کے ناصر قریشی نے کہا کہ سعودی عرب میں کرناٹکا این آر آئی تنظیموں میں سے ایک، رضاکار تنظیم زخمی زائرین کی مدد کرنے اور جاں بحق ہونے والوں کی تدفین کے لیے قانونی طریقہ کار مکمل کرنے کے لیے مدینہ شہر پہنچ گئی ہے ۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، دیگر 2مرنے والے ڈرائیور تھے اور دوسرا ایک ٹور گروپ کا کیٹرنگ ملازم تھا۔